سرینگر//مال ، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے پٹواریوں کے کام کاج میں شفافیت اور جوابدہی لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ وزیر موصوف نے واضح کر دیا کہ اُن ریونیو اہلکاروں جنہوں نے محکمہ کا نام بدنام کیا ہے کو سزا دی جائے گی اور انہیں حساس تعیناتیوں سے ہٹایا جائے گا جبکہ ایماندار اور تندہی کے ساتھ کام کرنے والے افسروں کو ان عہدوں پر فائز کیا جائے گا ۔ وہ آل جموں کشمیر پٹواری ایسوسی ایشن کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے پٹواریوں کو محکمہ اور عوام کے درمیان ایک اہم کڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پٹواریوں کے کام کاج کے حوالے سے لوگوں میں موجود تاثر کو دور کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ مال کو عوام دوست اور جوابدہ بنانے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے پٹواریوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک پٹوار حلقے میں ایک ریونیو دفتر کا تعین کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے پٹوار ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں 5مرلہ زمین کی نشاندہی کرنے کے عمل میں تیزی لائیں ۔ اے آر ویری نے کہا کہ ریونیو سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کی جانب حکومت بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سرینگر اور جموں میں ریونیو بھون تعمیر کئے جائیں گے ۔ وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا ۔