سرینگر//حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے حریت ترجمان اعلیٰ غلام احمد گلزار کے گھر چھاپہ مارنے، حریت ذمہ داروں حکیم عبدالرشید اور محمد اشرف لایا کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند رکھنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پولیس دھونس، دباؤ اور ظلم وجبر کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایک طرف پوری وادی میں خفیہ اداروں کے سرپرستی میں ماؤں، بیٹیوں، بہنوں اور باعزت خواتین کی تذلیل کے واقعات شدومد کے ساتھ جاری ہیں تو دوسری طرف ان تذلیل آمیز واقعات کے خلاف پُرامن احتجاج کرنے والوں پر فوج اور پولیس طاقت کا بے تحاشا استعمال کررہی ہے۔ گیلانی نے کہا کہ پولیس نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کل رات 10بجے غلام احمد گلزار کے گھر واقع گلشن آباد حیدرپورہ پر چھاپہ ڈالا، جبکہ وہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے، اس کے بعد آج نماز فجر سے پہلے دیواریں پھلانگ کر دوبارہ چھاپہ ڈالااورگھر میں کوئی مرد موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے ان کے اہل خانہ خوف وہراس کے شکار ہوگئے۔