اننت ناگ +کولگام//پہلگام جنگلات کو بھیانک آگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہے جس کے سبب وہاں سرسبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے ۔ سنیچر کی صبح پہلگام کے کمپارٹمنٹ نمبر 36میں اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لیا۔آگ کے شعلے اس قدر شدید تھے کہ اُن کو دیکھ کر لوگوں میں خوف ودہشت پیدا ہو گئی۔آگ پر قابو پانے کیلئے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے علاوہ پولیس ،فارسٹ پرویٹکشن فورس اور مقامی نوجوانوں نے ریسکو اوپریشن شروع کیا تاہم شام دیر گے تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا۔محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ شام کے وقت اندھیرے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں انہیں اور مقامی نوجوانوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک آگ پر 50فیصد قابو پایا جا چکا ہے اور کل صبح تک آگ پر مکمل طور پر قابو پایا جائے گا ۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ کی وجہ سے ابھی تک سینکڑوں سر سبز درخت رکھ ہوگئے اور آگ اس قدر شدید ہے کہ اگر اس پر قابو نہیں پایا گیا تو ایک وسیع آبادی بھی اس کی زد میں آسکتی ہے۔کولگام میں سنیچر کو دن کے ساڑھے تین بجے اچانک گنجان آبادی والے ہنڈو محلہ میں آگ نمودا رہوئی۔ جس نے آناً فاناً غلام رسول پیر، دلشادہ ، نثار احمد ڈار اور غلام حسن وانی کے رہائشی مکانات اور ایک گائو خانے کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کر دیا۔ آگ کی خبرملتے ہی نوجوانوں نے جائے واردات پر پہنچ کر فائر سروس عملے کی مدد کی اور آگ پر قابو پالیا۔