سرینگر//ہارٹی کلچر بے روزگار گریجویٹ نوجوانوں نے سنیچر کو آل جموں وکشمیر ہارٹی کلچربے روزگار گرجیویٹز کے بینر تلے پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین سرکار سے مطالبہ کر رہے تھے ان کی ڈگریوں کو اہلیت کا درجہ دیکر فوری طور محکمہ میں اسامیوں کو پُر کریں ۔ مظاہرین کے مطابق جے کے ایس ایس بی کی جانب سے محکمہ باغبانی میں مشتہر کی جانے والی اسامیوں کے لئے اہلیت کی ڈگری ڈپلومہ اور ایم ایس سی رکھا ہے جبکہ بی ایس سی ہارٹی کلچر ڈگری کو کسی بھی گیزٹیڈ اور نان گیزیٹڈ اسامیوں کے لئے اہلیت کا درجہ نہیں دیا جارہا ہے جس کے باعث وہ ذہنی کوفت میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔اس موقعہ پر آل جموں وکشمیر بے روزگار ہارٹی کلچر گریجویٹ کے صدر آمر بشیر وانی نے بتایا کہ ’’2007میں ریاستی حکومت نے ہارٹی کلچر محکمے میں گریجویٹ کی ڈگری شروع کی اور آج 2017 تک کوئی بھی افراد نہ محکمہ باغبانی اور نہ ہی پھولبانی میں تعینات ہواہے جس کی وجہ بقول ان کے یہی ہے کہ نہ ان کی ڈگریاں اہلیت کے قابل ہیں اور نہ ہی محکمہ میں ان کے لئے کوئی اسامی خالی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں کل700کے قریب گرجیویٹز ایسے ہیں جو اس پریشانی کا شکار ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10سال سے وہ ریاستی حکومت سے اپنے مطالبات حل کرنے کے لئے کہہ رہے ہیں لیکن ہماری بات کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔آمر نے بتایا کہ اگر ان کے مطالبات فوری طور حل نہیں کئے گئے تو وہ سکریٹریٹ کے سامنے اپنی ڈگریوں کو جلا دیں گے ۔