سرینگر//اطلاعات ، خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کو ہدایت دی کہ وہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے طلبا کو تربیتی پروگراموں اور ورکشاپوں کے ذریعے خصوصی ہُنروں میں تربیت فراہم کریں ۔ وزیر نے کہا چونکہ میڈیا اور کمیونی کیشن سیکٹر روز بروز ترقی کے منازل طے کر رہا ہے اور یہ شعبہ طلبا میں مقبولیت حاصل کر رہا ہے ، وقت کی ضرورت ہے کہ طلبا کو اس شعبے میں خاصی مہارت حاصل کرنے کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں ۔ وزیر کو بتایا گیا کہ 12 روزہ ورکشاپ جو 3 اکتوبر 2017 کو شروع ہوا 15 اکتوبر 2017 کو اختتام پذیر ہو گا ۔ یونیورسٹی آف کشمیر کے میڈیا سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ ، اسلامک یونیورسٹی آف سائینس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ ، گورنمنٹ کالج فار وومن ایم اے روڈ سرینگر ، گورنمنٹ ڈگری کالج بارہمولہ ، گورنمنٹ ڈگری کالج اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے 23 طلاب کے علاوہ گُڑ گاؤں کے دو فری لانس میڈیا پریکٹیشنرز نے ورکشاپ میں حصہ لیا ۔ ورکشاپ میں جو ریسورس پرسن شامل ہوئے اُن میں معروف فلم میکر گوتم چکرورتی اور اُن کے معاون سائیکت ملک بھی تھے ۔ انہوں نے وزیر کو فلم میکنگ کے مختلف مراحل کے بارے میں مطلع کیا ۔ ڈی آئی پی آر کی طرف سے ایسے خصوصی پروگرام کا انعقاد کرنے کی ستایش کرتے ہوئے وزیر نے اعلان کیا کہ یوں ہی میڈیا سے وابستہ طلاب ورکشاپ سے فارغ ہوں ، انہیں محکمہ اطلاعات ڈاکیومنٹری پروجیکٹس کی ذمہ داری سونپے گا ۔ طلاب کو مثبت رویہ قایم رکھنے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ طلاب تعلیم کے مراحل سے گذرتے ہوئے بہت سارے چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہیں ۔ کئی بار یہ چیلنجز اقتصادی نوعیت کے اور کئی بار سیاسی نوعیت کے ہوا کرتے ہیں تا ہم جیسے بھی ہو طلاب کو چاہئیے کہ وہ اپنے اندر مضبوط شخصیت پیدا کر کے اپنا مستقبل روشن بنانے کی کوشش کریں ۔ وزیر کی طلاب کے ساتھ بات چیت کے دوران ناظمِ اطلاعات منیر السلام ، جوائینٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ہیڈ کوارٹرز عبدالمجید زرگر ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن پی آر شیخ ظہور و دیگر افسران موجود تھے ۔