اننت ناگ//مال اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے حلقہ انتخاب بیج بہاڑہ کے دورے کے دوران مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائیزہ لیا ۔ وزیر کے ہمراہ چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی کشمیر ، اے ڈی سی اننت ناگ ، ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی ، ایس ڈی ایم بیج بہاڑہ و دیگر متعلقہ افسران تھے ۔ دورے کے دوران وزیر نے 10.8بیج بہاڑہ ۔ لنگن بل سڑک پر جاری کام کا معائینہ کیا جسے 1194.81 لاکھ روپے کی لاگت سے پی ایم جی ایس وائی تعمیر کر رہا ہے ۔ وزیر کو بتایا گیا کہ اب تک سڑک کا 34 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ اسی طرح5.80 کلو میٹر تھاجی وارہ سے کنز گام سڑک کا 30 فیصد کام مکمل کیا گیا ہے جس پر 687.18 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ وزیر نے متعلقہ انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ ان سڑکوں پر کام کی رفتار تیز کریں تا کہ وقتِ مقررہ کے اندر اندر ان سڑکوں کا کام مکمل کیا جا سکے ۔ بعد میں وزیر نے دریائے جہلم کے کناروں کو جاذب نظر بنانے کے کام کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے دارا شکوہ پارک کے نزدیک سسپینشن پُل جس پر 3.25 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ، کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ اس پروجیکٹ پر جاری کام چھ ماہ کے اندر مکمل ہو گا ۔ اس موقعہ پر عبدالرحمان ویری نے انجینئروں کو دیگر محکموں کے ساتھ اشتراک کر کے پروجیکٹوں پر جاری کام کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔