سرینگر //ملک صاحب گوجوارہ کی اندروانی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ نالیاں اور ڈرنیج سسٹم بھی ناکارہ ہے اور اُن کی مرمت کے حوالے سے حکام کوئی بھی قدم نہیں اٹھایاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے یہ مسائل اُن کی نوٹس میں لائے تاہم متعلقہ محکمے اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں جس کے سبب آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ملک صاحب گوجوارہ کی سڑکوں پر اگرچہ تارکول بچھایا گیا ہے تاہم اندروانی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ سڑکوں کے کنارے پانی کی نکاسی کیلئے بنائی گئی نالیاں اور ڈرنیج سسٹم بھی ناکارہ ہے ۔ وفد نے کہا کہ عرصہ دراز سے نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے سبب گندہ پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے جس سے لوگوں کو آمد ورفت کے دوران مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔وفد نے کہاکہ نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے علاقے میں بدبو پھیل چکی ہے جس سے بیماریاں پھوٹ پڑنے کا کا احتمال ہے ۔وفد نے مزید بتایا کہ علاقے میں پانی کے پائپ بھی کئی جگہوں پر پھٹ گئے ہیں اور پانی ضائع ہو رہا ہے جبکہ گلی کوچوں میں سٹریٹ لائٹ بھی نصب نہیں کئے گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک صاحب گوجوارہ کی اندرونی علاقوں کی جانب توجہ دے کر عوامی مشکلات کا ازلہ کیا جائے تاکہ سرما کے دوران لوگوں کوپریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔