رام بن //شمالی ہندوستان کے دوسرے حصوں کی طرح اتوار کو خطہ چناب میں کروا چوتھ کاتہوار روایتی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا ، اس روز اہل ہنود طبقہ کی شادی شدہ خواتین اپنے شوہر کی درازیٔ عمر کے لئے باقاعدہ سحری کھا کر برت رکھتی ہیں اور دن بھر بھوکے پیاسے رہ کر شام کو طلوع ماہتاب کے ساتھ ہی پوجا ارچنا کر کے برت کھولا جاتا ہے ۔رام بن کے علاوہ بٹوت، بھدرواہ، کشتواڑ اور ڈوڈہ نیز دیگر قصبہ جات میں کروا چوتھ کی روایتی رسمیں ادا کی گئیں۔ اس موقعہ پرحلوائیوں کی دکانوں پر خاصا رش رہا، دیگر مٹھائیوں ، بالخصوص فینی اور کتلمے کی مانگ سب سے زیادہ دیکھی گئی۔ خواتین سہاگ کا جوڑا پہن کر ا جتماعی پوجا کے لئے متعدد مقامات پر جمع ہوتی دیکھی گئیں۔رام بن کے رگھوناتھ مندر بائولی بازار اور شو مندر، کالی ماتا مندر میترا میں صبح سے ہی عقیدتمندوں کا تانتا لگا رہا، بازاروں میں کافی دن سے کروا چوتھ کے موقعہ پر استعمال میں لائے جانے والے ساز و سامان کی بکری ہوتی دیکھی گئی۔ شام کے وقت خواتین کروا چوتھ کے تھال بنا کر محلہ کے کسی ایک گھر میں جمع ہو کر پوجا کرتی ہوئی دیکھی گئیں۔ شام کو چاند نظر آنے کے بعد برت کھولا گیا جس کے ساتھ ہی یہ تہوار پورے جوش و خروش کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔