بلوم فاؤنٹین//جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 254 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 2۔0 سے وائٹ واش کردیا۔بلوم فاؤنٹین میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم فالو آن کا شکار ہوئی اور دوسری اننگز میں بھی سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔تیسرے روز بنگلہ دیش نے فالو آن کے بعد اپنی دوسری نامکمل اننگز 7 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 419 رنز درکار تھے مگر پہلی اننگز کی طرح بنگلہ دیشی بلے باز جنوبی افریقن بالرز کے سامنے ٹھہر نہ سکے اور آؤٹ ہوتے گئے ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں محموداللہ 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، امرالقیس 32 اور کپتان مشفق الرحیم نے 26 رنز بنائے ۔دیگر بلے بازوں میں لٹن داس 18، مومن الحق 11، روبل حسین 7،مستفیض الرحمٰن 7، شبیر رحمٰن 4، سومیا سرکار 3، اور تاج الاسلام 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے تباہ کن بالنگ کی اور 30 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فلکوایو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے پہلی اننگز کے اسکور 573 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 147 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں 172 رنز بناکر میچ ایک اننگز اور 254 رنز سے ہار گئی۔