کپوارہ/ /وادی کشمیر میں خواتین کے گیسو تراشنے کے واقعات کے بیچ کپوارہ ضلع کے اندر بگ لولاب گائوںمیں تین مقامی نو جوانو ں نے ایک20سالہ نوجوان کو ذاتی عداوت پر گھر سے اغوا کر کے نزدیکی جنگل میں اس کے بال اور داڑھی کا ٹ ڈالی۔ پولیس نے فوری کارروائی کر تے ہوئے تینو ں نوجوانو ں کو حراست میں لیکر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اندر بگ لولاب میں اتوار کی شام تین مقامی نوجوانو ں مدثر یوسف لون ،منظور احمد لون اور مدثر مشتاق لون نے اپنے ہی گائوں میںمحمد سبحان لون کے مکان میں زبردستی داخل ہو نے کا پروگرام بنایا اور وہا ں اس کے بیٹے 20سالہ اشفاق احمد لون کو اغوا کر نے کے بعد نزدیکی جنگل میں پہنچایا۔جنگل میں اشفاق کے ہاتھ اور پیر باندھ دیئے گئے ۔اشفاق احمد نے اگر چہ ان کی منت سماجت بھی کی تاہم مذکورہ جوانو ں نے اشفاق کے با ل منڈوا دیئے جبکہ اس کی دا ڑھی بھی صاف کر دی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان نو جوانو ں کو اشفاق کے ساتھ ذاتی عداوت تھی ۔واقعہ کے بعد مقامی لوگو ں کی ایک بڑی تعداد جائے موقع پر پہنچ گئی تھی اور اشفاق کو اپنے ساتھ گھر لایا ۔اسکے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا جس نے کیس زیر نمبر 72/2017 درج کر کے اس واقعہ میں ملوث تینوں نوجوانوں کوسلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔