نئی دہلی //مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ فورسز کو بے شمارگولیاں داغ کر پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی دہشت گردی سے نمٹنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ایک تقریب کے دوران راجناتھ سنگھ نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیاں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں جس کا عملی مظاہرہ سرحدی علاقوں میں نظر آرہا ہے۔راجناتھ سنگھ کا کہنا تھا’’ہم نے اپنے سپاہیوں کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ پہلے پاکستانی فوج پر گولی نہ چلائے ، لیکن اگر پاکستان کی طرف سے فائرنگ کی جاتی ہے تو بے شمار گولیاں چلاکر منہ توڑ جواب دیا جائے‘‘۔انہوں نے پاکستانی فوج پر جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا۔وزیر داخلہ نے کا کہنا تھا کہ بھارت مخالف عناصر حساس معاملات کو نشانہ بناکر ملک کی معیشت اور دفاعی مضبوطی کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔