بھدرواہ //بھدرواہ ۔بنی۔ بسوہلی سڑک کی خستہ حالی کو لیکر موضع نالٹھی، اتکھرور تحصیل بھدرواہ کے ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے خلاف سوموار کو ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔اطلاعات کے مطابق مظاہرین 144 ۔آر سی سی بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے اور بھدرواہ۔ بنی۔ بسوہلی سڑک پر ٹائر جلا کر روکاوٹیں کھڑی کر دی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بی آر او /گریف کے غلط رویہ سے انہیں گذشتہ سات سال سے کافی مشکلات کا سامنا ہے۔سڑک کی خستہ حالی سے لوگ بیمار ہوگئے ہیں ،خاص طور سے بچے نمونیا اور استما کی بیماریوںن میں مبتلا ہوئے ہیں۔ان کا یہ بھی کہناہے کہ سڑک کی خستہ حالی سے وہاں پر اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں،حال ہی میں موضع نالٹھی میں ایک بائک کو حادثہ ہوا جس میں ایک لڑکی کی موت ہوئی،جسکی ساری ذمہ واری بی آر او پرعائد ہوتی ہے۔ایک مقامی شخض یاسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ دو تین ماہ قبل جب ہم نے بی آر او کے خلاف احتجاج کیا تھا تو بی آر او کے حُکام نے یقین دلایا تھا کہ وہ اس سڑک پر میکڈم جلد ہی بچھائیں گے لیکن تا دم اس سلسلہ میں کُچھ بھی نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجائے تار کول بچھانے کے بی آر او نے جنگلاتی علاقہ سے سڑک کا کام شروع کیا ،جس سے مقامی لوگوں کو اور بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوںنے متنبہ کیا ہے کہ اگر اس سڑک پر تار کول بچھانے کا کام فوری طور شروع نہیں کیا گیا تووہ اپنے احتجاج میں مزید تیزی لائیں گے۔بی آر او کے ستپوڈکے نے جائے موقعہ پر جاکر مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس سڑک پر ایک ماہ کے اندر اندر بیٹومن ڈالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دراصل اس سڑک پرکوئی تنازعہ تھا جسکی وجہ سے اس کی مرمت ممکن نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک اس سڑک پر گرد کا تعلق ہے بی آر او نے پہلے ہی ایک واٹر ٹینکر اس پر چھڑکائو کرنے کے لئے رکھا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھدرواہ۔ بنی۔ بسوہلی سڑک گذشتہ چار دہائیوں سے زیر تعمیر ہے۔لیکن کام کی سست رفتاری سے سڑک خستہ ہوئی ہے۔مظاہرین نے او سی گریف اور ایس ایچ او بھدرواہ کی یقین دہانی کے بعد اپنا احتجاج ترک کر دیا ۔