سرینگر //جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سرینگر نے منگل کو نومنتخب ایڈوکیٹ ایم ۔ائے قیوم، ایڈوکیٹ مشتاق احمد ڈار، ایڈوکیٹ غلام نبی شاہین، ایڈوکیٹ عادل عاصمی اور ایڈوکیٹ سمیر احمد وانی کوبالترتیب صدر، نائب صدر، جنرل سیکریٹری،جوائنٹ سیکریٹری اور خزانچی کے عہدوں پربار ایسوسی ایشن کے الیکشن کمیشن نے مومن آباد بٹہ مالو میں سینکڑوں وکلا ء کی موجودگی میں عہدوں کا حلف دلایا ۔ عہدہ سنبھالتے ہی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے وکلا کو یقین دلایا ہے کہ وہ بار ایسوسی ایشن کی یکجہتی کیلئے کام کریں گے اور ایسی کسی کاروائی میں شامل نہیں ہونگے جو بار ایسوسی ایشن کے مفادات کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کی مشکلات سے واقف ہیں اور وہ متحد ہوکر مشکلات اور مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دینے کیلئے سمیناروں اور کانفرنسوں کا انعقاد کریں گے۔ نومنتخب عہدیداران نے وادی میں جاری گیسو تراشی کے واقعات کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس کو سرکاری ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گیسو تراشی میں ملوث افراد کو جہاں لوگوں نے پکڑا وہاں فوج نے انکو بعد میں رہا کرایا جبکہ انکی آزادی کیلئے فوج نے ہوائی فائرنگ اور ٹیرگیس شلنگ کا بھی سہارا لیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی جگہوں پر گیسو تراشی میں ملوث افراد کو پولیس کے حوالے کیا گیا تاہم پولیس نے بھی بعد میں انکو رہا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں اس ضمن میں 40ایف آئی آر درج کی ہے جبکہ تحقیقات کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تاہم ابتک نہ تو پولیس نے کسی کی گرفتاری عمل میں لائی ہے اور نہ ہی کسی کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔