اننت ناگ // جنوبی کشمیر میں سنگم بجبہاڑہ میں دن دھاڑے اسلحہ برداروں نے بنک شاخ لوٹ لی۔مرہامہ سنگم علاقے میں 3 اسلحہ بردارجموں کشمیربنک کی مقامی شاخ میں زبردستی داخل ہوگئے۔یہ بنک ایک کمپلیکس کی دوسری منزل پر ہے۔پولیس نے بتایا ہے کہ دو اسلحہ برداروںنے اندر داخل ہونے سے پہلے سیڑھیوں کے نزدیک چہروں پر نقاب اوڑھ لئے جبکہ ایک باہر کھڑا رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بنک عملے اور وہاںموجود کچھ گاہکوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنایااورکچھ بنک میں موجود رقم اڑالینے میں کامیابی حاصل کی۔ایس ایس پی اننت ناگ محمد الطاف خان نے بتایا کہ یہ واردات بعد دوپہر 2بجکر44منٹ پر انجام دی گئی جس دوران مسلح لٹیرے بنک سے5لاکھ 41ہزار روپے سے زیادہ کی رقم اڑا لے گئے۔ مسلح افراد واردات انجام دینے کے فوراً بعدفرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ پولیس کاکہنا ہے کہ یہ واردات علاقے میں سرگرم جنگجوئوں نے انجام دی ہے۔پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ بنک لوٹنے میں حزب المجاہدین سے وابستہ راسخ نبی بٹ عرف اویس ولد غلام نبی بٹ ساکن نودل کرمان محلہ اور صالح محمد آخون عرف ریحان ولد غلام محمد آخون ساکن آرام پورہ گوری کدل میڈورہ ترال ملوث ہیں۔