بارہمولہ//جمعیت علماءاہلسنت والجماعت نے مسلم خواتین کیلئے مجوزہ نئی حج پالیسی اور عورتوں کے گیسو تراشی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔جمعیت نے کہا کہ بغیر محرم کے سفر حج پر جانے کی راہ ہموار کرنے کے سلسلے میں مرکزی حج واقلیتی امور کے وزیر کا بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جن خواتین کی عمر پینتالیس سال سے زیادہ ہو وہ تین یا چار خواتین کا گروپ بناکربغیر محرم کے حج پر جاسکتی ہیں،شرعی احکام کے سراسرخلاف ہے اورانکا یہ بیان اسلامی احکام میں مداخلت کا دروازہ کھولنے کے مترادف ہے۔ مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ اور جمعیت علماءاراکین تاسیسی مولانا محمد اقبال قاسمی اندرابی مہتمم دارالعلوم کپواڑہ ومولانا غلام محمد قاسمی مہتمم سبیل الرشاد بارہمولہ نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے فرزندان ملت اسلامیہ سے گذارش کی کہ شریعت کے حکم کو ہر چیز پر مقدم رکھیںاور حج جیسے مقدس فریضہ کی ادائیگی میں اسلامی احکام کا بہر صورت پاس ولحاظ رکھیںاس مسئلہ میں جمعیت علماءاہلسنت والجماعت جموں وکشمیر نے اپنا موقف سامنے رکھتے ہوئے واضح کیا کہ مسلم خواتین بغیرمرد محرم کے سفر حج نہیں کرسکتی ہیں اگر کسی نے ایسا کیا تو اسنے بہت بڑا گناہ کیاکیونکہ حدیث شریف میں صراحت کے ساتھ موجود ہے کہ خواتین بغیر مرد محرم کے سفر نہیں کرسکتی ہیں۔