سرینگر //شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کی جانب سے ریفٹیکان 2017 نامی تین روزہ قومی کانفرنس کاآغازجمعہ کو ایس کے آئی سی سی میں ہوا۔سہ روز کانفرنس میں بھارت کی مختلف ریاستوں سے آئے معالجین اور ماہرین نے صحت کے مختلف شعبہ جات میں ہونے والی جدیدیت اور آئے روز آنے والی نئی ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا ۔کانفرنس کے پہلے روز سینٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین ،سکمزصورہ کے سابق ڈائریکٹر ایم ایس کھورو، ڈائریکٹر سیکمز صورہ ائے جی آہنگر، ڈین سکمز صورہ ڈاکٹر الطاف کرمانی،پرنسپل سیکمز میڈیکل کالج ڈاکٹر ریاض احمد ایتو، چیرمین آرگنائزنگ کمیٹی ڈاکٹر امین تابش اور سیکریٹری آرگنائزنگ کمیٹی ڈاکٹر غلام حسن یتو بھی موجود تھے۔ کانفرنس کے ٹیکنیکل سیشن کے آغاز کرتے ہوئے ڈاکٹر امین تابش نے بتایا کہ کانفرنس کے انعقاد سے وادی میں کام کر نے والے معالجین ، طلبہ اور نیم طبی عملے کو عالمی اور ملکی سطح پر علاج اور معالجے میں ہونے والی تبدیلیوں اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں جانکاری ملے گی جبکہ کانفرنس کے دوران وادی اور بیرون ریاست سے آئے ماہرین صحت کے میدان میں ہونے والی ترقی اور جدید ٹکنالوجی کے استعمال کے بارے میں آگاہ کریں۔ایم ایس کھورو نے بھی اپنے تجربات اور تحقیقات کے بارے میں جانکاری دی۔ سہ روز کانفرنس کا افتتاحی سیشن جمعہ کی شام ایس کے آئی سی سی میں منعقد ہوا جس میں آل انڈیا انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز نئی دلی اور بھارت کی دیگر ریاستوں سے آئے ماہرین بھی موجود تھے۔