ڈوڈہ//جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی سب آفس ڈوڈہ، ایجوکیشنل ،انوائرمنٹل،سوشیل،اسپورٹس اینڈ کلچرل سوسائٹی آف بھلیسہ اور چار راشٹریہ رائفل نے ہیلی پیڈ گندو میں مشترکہ طور مشاعرے، کویز مقابلے اور سوچھ بھارت مشن کے تحت ایک مقابلہ مصوری کا انعقاد کیا۔کویز مقابلے اور مقابلہ مصوری میں ایجوکیشنل زون بھلیسہ اور بٹیاس کے ایک درجن سے زائد اسکولوں نے حصہ لیا جب کہ مشاعرے میں علاقہ بھلیس کے بزرگ اور نوجوان شعراء نے مختلف زبانوں میں اپنا اپنا کلام سنا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔اس موقع پر ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار بطور مہمانِ خصوصی اور ایس ڈی ایم گندو چوہدری دل میر اور سی ای او بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بال کرشن بطور مہمانانِ اعزازی موجود تھے جب کہ دیگر حاضرین میں کلچرل آفیسر ڈوڈہ صلاح الدین طاہر، پرنسپل گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول سنو، ایس ڈی پی او گندو سنی گپتا،رینج آفیسر گندو شیخ ظفر اللہ، میزبان سوسائٹی کے چیئرمین محمد ایوب زرگر،جنرل سیکریٹری محبوب اقبال بٹ اور سیکریٹری جماعت علی آگاہ کے علاوہ متعدد دیگر آفیسران، معززینِ بھلیسہ، اساتذہ اور طلباء وطالبات کی بھاری تعداد شامل تھی۔دسویں جماعت کے ریاضی کے کویز مقابلے میں جامعہ غنی العلوم اخیار پور کے طلباء نے پہلی اور تیسری پوزیشنوں پر قبضہ کیا جب کہ سمر ہل پبلک اسکول گندو کے طلباء نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔سیکنڈری سطح کے مقابلہ مصوری میں بھی جامعہ غنی العلوم اخیار پور کی نویں جماعت کی طالبہ نگہت رابیہ نے پہلا، ہائی اسکول سنوارا کے نویں جماعت کے طالب علم شمیم احمد نے دوسرا اور ہائر اسکنڈری اسکول سنو کے دسویں جماعت کے طالب علم عامر فاروق نے تیسرا انعام حاصل کیا جب کہ مڈل سطح کے مقابلے میں غیاثیہ ماڈل اسکول چنگا نے پہلا، مڈل اسکول بھڑگی کی انجم نے دوسرا اور عمر دین ملک میموریل پبلک اسکول تیندلہ کی سلمہ بتول نے تیسرا انعام حاصل کیا۔مشاعرے میں جن شعراء نے اپنے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا اْن میں شس الدین شمس،محمود ریاض مصیب، سیف الدین شیخ، خدا بخش خیالی، ڈاکٹر امتیاز بھلیسی، محمد یٰسین حقانی، محمد حنیف مادان، سرفراز نادم، محمد شفیع ساجد، چندر کانت چندر، علی محمد آفتاب، فرید احمد عاجز، طالب حسین ممتاز اور تنویر ملک تنویر شامل ہیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں ایم ایل اے بھدرواہ نے مشاعرے کے انعقاد پر کلچرل آفیسر ڈوڈہ کا شکریہ ادا کیا اور اْمید ظاہر کی کہ بہت جلد اکیڈمی کی طرف سے یہاں ضلع سطح کے مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے ایجوکیشنل سوسائٹی اور راشٹریہ رائفل کا بھی شکریہ ادا کیا کہ اْنہوں نے تعلیم کے فروغ اور طلباء و طالبات کے جذبہ مسابقت کو تسکین پہنچانے نیز اْنہیں اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے لئے کویز مقابلے اور مقابلہ مصوری کا انعقاد کیا۔اْنہوں نے سوسائٹی اور فوج کی تعلیمی، سماجی اور ماحولیاتی سرگرمیوں کی بھی سراہنا کی۔ایم ایل اے بھدرواہ نے اول، دوم اور سوم آنے والے طلباء و طالبات اور اْن کے اساتذہ کو مبارک باد پیش کی۔اْنہوں نے کہا کہ جامعہ غنی?العلوم اخیار پور اور سمر ہل پبلک اسکول کے اساتذہ کو وہ بطور خاص مبارک باد پیش کریہیں کہ قلیل تنخواہوں کے با وجود وہ بہت محنت سے کام کرتے ہیں اور بھاری تنخواہیں پانے والے سرکاری اساتذہ کے مقابلے میں بہتر کارکردگی پیش کرتے ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ وہ زبانی جمع خرچ کی بجائے زمینی سطح پر کام کرنے میں یقین رکھتے ہیں اور بطور ایم ایل اے گذشتہ تین برسوں کے دوران اْنہوں نے جو کچھ کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔اْنہوں نے کہا کہ وہ ہر گاؤں کو سڑک سے جوڑنے اور بجلی اور پانی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے اپنے اہداف کو 2019 تک پورا کریں گے اور جو توقعات لوگوں نے اْن سے وابستہ رکھی ہیں اْن پر پورا اْترنے کی کوشش کریں گے۔اس سے قبل ایس ڈی ایم گندو چوہدری دل میر اور سی ای او بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بال کرشن نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی ہونے کے ناطے علاقہ بھلیس کی تعمیر وترقی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں گے اور جو کچھ بھی اْن کے دائرہ اختیار میں ہو گا،وہ کریں گے۔اْنہوں نے عوام سے بھر پور تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی۔کلچرل آفیسر ڈوڈہ نے شعراء حضرات اور دیگر معاونین کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ بہت جلد اکیڈمی کہ طرف سے یہاں ایک ضلعی سطح کے مشاعرے اور کلچرل پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔اپنے خطاب میں میزبان سوسائٹی کے چیئرمین محمد ایوب زرگر نے سوسائٹی کے اغراض و مقاصد اور اْس کی حصولیابیوں کا خلاصہ پیش کیا۔