حریت (ع)اورپیروان ولایت کا پلوامہ ہلاکتوں پر اظہار رنج

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
سرینگر//حریت (ع)نے لتر پلوامہ میں فورسز کے ہاتھوں ایک عام شہری گلزار احمد میر کوجاں بحق اور درجنوں کو زخمی کئے جانے پر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں تعینات فورسز خود کو حاصل بے پناہ اختیارات کا بڑی بے دردی کے ساتھ استعمال کرکے نہتے شہریوںکو اپنی جارحیت کا نشانہ بنارہے ہیں ۔موصولہ بیان میں حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے گلزار احمد میر کو خراج عقیدت اوراُس کے والدین کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس بہیمانہ واقعہ میں زخمی افراد کی فوری شفایابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے لتر پلوامہ میںجاں بحق کئے گئے دو عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوںسے کشمیری قوم حق و انصاف سے عبارت جدوجہد اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے جان و مال کی قربانیاں پیش کررہی ہے اور ان قربانیوں کواُسی وقت ثمر آور بنایا جاسکتا ہے جب پوری قوم اور قیادت رواں تحریک مزاحمت کے تئیں یکسوئی اور استقامت کا مظاہرہ کرے۔اس دوران  پیروان ولایت نے لتر پلوامہ میں جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ایک بیان میں تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مختلف حیلوں اور بہانوں کے ذریعے کشمیری قوم کو بے دردی کے ساتھ ابدی نیند سلا رہا ہے اور ایجنسیوں کے ذریعے کشمیری قوم کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پروپیگنڈوں اور مار دھاڑ سے کشمیر کی تحریک دبنے والی نہیں ہے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *