برمنگھم// کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے کنونیئراور ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی پاکستانی زیر انتظام کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کررہا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق ترابی بین الاقوامی انسانی حقوق کانفرنس میںمہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر کے اندر جا کر خود حالات کا جائزہ لیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک منصوبہ بندسازش کے تحت مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے تا کہ مسلم آبادی کو اکثریت سے اقلیت میں بدلا جائے ۔ اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی،رنجیت سنگھ،ٹن کن،فاروق مشعل،نہال ابویوسف ،مفتی عبدا لمجید ندیم ،فلسطین سالیڈیریٹی کے راہنما نعیم ملک ،ساو¿تھ کیمرون کمیونٹی کے راہنما برنڈ کونفوراور کمفورٹ کونفور،خواجہ سلیمان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہوںنے خطاب کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے اسلئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی ذمہ داری بنتی تھی کہ وہ ہندوستان کو کٹہرے میں کھڑا کرتی لیکن ایسا نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ انسانی حقوق کی کئی تنظیموں نے ہندوستان کو بے نقاب کیا ہے لیکن جس سطح پر ہندوستان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے اس سطح پر ہندوستان کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں کی کارکردگی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر کا عینی شاہد ہے وہ اس مسئلے کے حل کے لیے بھرپور کردارا دا کرے۔انہوںنے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر قیمت پر کشمیرجا کر وہاں کے حالات کا خود مشاہدہ کریں ۔