سرینگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم بالی بھگت نے کل جی بی پنت ہسپتال کا اچانک معائینہ کیا اور وہاں دستیاب طبی اور دیگر سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے وارڈوں ، لیبارٹری اور دیگر تشخیصی یونٹوں کا دورہ کیا اور مریضوں کو دستیاب ادویات اور تشخیصی آلات ، صفائی ستھرائی ، ایمبولینس سروس اور پارکنگ سہولیت وغیرہ کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ہسپتال آنے والوں اور تیمارداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے طبی ادارے میں دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔وزیر نے ہسپتال انتظامیہ ، ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کو مریضوں کیلئے بہترین خدمات بہم رکھنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاستی عوام کو بہترین طبی سہولیات بہم رکھنے کیلئے پُر عزم ہے اور طبی ڈھانچے کی توسیع کیلئے تمام ضروری اقدامات گذشتہ تین برسوں کے دوران اٹھائے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے تمام طبی اداروں میں خالی پڑی آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں اور بھرتی ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انہیں بھیجی گئی آسامیوں کا تیز تر بنیاد پر انتخاب عمل میں لانے کیلئے کہا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں معیاری ادویات اور تشخیصی آلات کی ترسیل یقینی بنانے کیلئے حکومت نے جموں کشمیر میڈیکل سپلائیز کارپوریشن لمٹیڈ کو مستحکم بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ سربراہوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ضروریات بر وقت کارپوریشن کو پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تا کہ مریضوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ناظمِ صحت کشمیر ڈاکٹر سلیم الرحمان دورے کے دوران وزیر کے ہمراہ تھے ۔