نئی دہلی// کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کو پارٹی صدر بنانے کا پرزور مطالبہ اسی ماہ پورا ہوجانے کی امید ہے ۔کانگریس ذرائع کے مطابق پارٹی میں جاری تنظیمی الیکشن کے تحت پارٹی صدر کا الیکشن 30 اکتوبر تک مکمل ہوجائے گا۔موصولہ اشاروں کے مطابق پارٹی کارکنوں کی مانگ کے مطابق اس مرتبہ صدر کا عہدہ مسٹر گاندھی کو سونپا جاسکتا ہے ۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی بھی اس طرح کا اشارہ دے چکی ہیں۔پارٹی کے انتخابی افسر اور ممبر پارلیمنٹ ایم رام چندرن پیر کو یہاں محترمہ گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے پارٹی تنظیم کے الیکشن اور صدر کے عہدہ کے الیکشن کے لئے تاریخ مقرر کرنے کے بارے میں محترمہ گاندھی سے بات چیت کی۔مسٹر گاندھی کو کانگریس کی کمان سونپنے کا مطالبہ طویل عرصے سے کیا جارہا ہے ۔ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے دو دن قبل اشارہ دیا تھا کہ کانگریس کی کمان جلد ہی مسٹر گاندھی کے ہاتھوں میں ہوگی۔ گذشتہ ہفتہ اترپردیش کانگریس نے مسٹر گاندھی کو پارٹی کی قیادت سونپنے کے لئے متفقہ طورپر ایک قرار داد منظور کی تھی۔