ڈوڈہ//سب ڈویژن بھلیسہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ بھدرواہ سے منسلک کرنے کے فیصلے کے خلاف بھلیسہ کی عوام میں حکومت کے تئیں شدید غصہ پایا جاتا ہے اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں سے وابستہ افراد نے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔نیشنل کانفرنس لیڈران محمد اقبال بٹ سابق ایم ایل سی ریاض احمد زرگر، چوہدری سلام دین، محمد حنیف چوہدری، عمر دین نیائک اور محمد حنیف ملک، کانگریس لیڈران عبدالطیف مغل، آصف اقبال بٹ ،مسرت حسین نیائک، یونس رشید ملک، فیروز دین ملک، عبدالمجید راہی اور جاویداختر وانی، پی ڈی پی لیڈران مولوی الطاف حسین، محمد اسحٰق ملک، تنویر احمد گنائی اور وصیت ٹاک،عام آدمی پارٹی کے معراج ملک، بزرگ سماجی کارکن الحاج دوست محمد وانی، سابق سرپنچ رمیز راجہ، سابق سرپنچ چوہدری عبدالطیف بانیاں، سابق سرپنچ شیر محمد چوہدری، سماجی کارکن الحاج غلام حسین بٹ، ریٹائرڈ پرنسپل غلام حسین کوکا اور درجنوں دیگر شخصیات نے اس فیصلے کو ایک آمرانہ اور نا قابل قبول فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھلیسہ کے لوگ اْن لیڈران کو کبھی معاف نہیں کریں گے جنہوں نے حکومت کو اس قسم کا غلط فیصلہ لینے پر مجبور کیا۔ اْنہوں نے کہا ہے کہ اْنہیں افسوس ہے کہ کچھ لیڈران بھدرواہ میں ایک اور بھلسیہ میں دوسری بولی بول کر لوگوں کو بیوقوف بنانا چاہتے ہیں مگر لوگ اْن کی اس منافقت سے واقف ہیں۔اْنہوں نے کہا ہے کہ بھلیسہ کو بھدرواہ کے ساتھ ملانے کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے کیوں کہ بھلیسہ سے بھدرواہ کا فاصلہ ڈوڈہ اور کشتواڑ کی نسبت بہت زیادہ ہے۔ڈوڈہ اور کشتواڑ سے لوگ دن بھر اپنا کام کر کے شام کو با آسانی گھر واپس آتے ہیں جب کہ بھدرواہ سے ایسا ممکن نہیں ہے۔اْنہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹ لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے قائم کئے جاتے ہیں،اْن کے لئے مشکلات اور پریشانیاں پیدا کرنے کے لئے نہیں۔اس قسم کے فیصلے سیاسی لیڈران کے مفادات کو نہیں بلکہ لوگوں کی خواہشات اور سہولیات کو مد نظر رکھ کر لئے جانے چاہئیں۔اْنہوں نے کہا کہ مفاد پرست لیڈروں نے اپنے حقیر مفادات کے لئے اس سے قبل بھلیسہ کے دو ٹکڑے کر کے ایک کو بھدرواہ کے ساتھ اور ایک کو اندروال کے ساتھ لگایا ہے جس کا خمیازہ ہم آج تک بھگت رہے ہیں مگر اب ہم مزید استحصال برداشت نہیں کریں گے۔اْنہوں نے کہا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف نہ صرف یہ کہ بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا بلکہ عدالتِ عالیہ سے بھی اس سلسلہ میں رجوع کیا جائے گا۔اْنہوں نے کہا ہے کہ بہت جلد ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی جائے گی جس میں اس فیصلے کو منسوخ کروانے اور بھلیسہ اسمبلی حلقہ کے قیام کے لئے جدوجہد کرنے کے لئے ایک لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔اْنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس فیصلے کو فوری طور منسوخ کیا جائے بصورت دیگر زبردست احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔اْنہوں نے بھدرواہ کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اہلیانِ بھلیسہ کے اس مطالبے کو بھدرواہ مخالف نہ سمجھیں بلکہ حقیقت پسندی سے کام لے کر ہمارے مطالبے کی حمایت کریں۔