ترال // پی ڈی پی رکن اسمبلی وچی شوپیان کے گھر پر گرینیڈ حملے کی دوسری واردات میں نامعلوم مسلح افراد نے ممبر اسمبلی ترال کی رہائش گاہ کو گرینیڈ دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی جس کے جواب میں مکان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی۔ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ مکان کے کچھ شیشے ٹوٹ گئے۔ ترال بالا کونجہ بل علاقے میں جمعہ کی شام پونے پانچ بجے کے قریب ایم ایل اے ترال مشتاق احمد شاہ کے رہائشی مکان پر ہتھ گولہ داغا گیا جو رسوئی گھر کی دیوار کے ساتھ ٹکرانے کے بعد مکان کے صحن میں گر گیا اور ایک زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔دھماکے کے بعد ممبر اسمبلی ترال کی رہائش گاہ کی محافظت پر مامور اہلکاروں نے ہوا میں گولیوں کے کئی رائونڈ چلائے۔ گرینیڈ حملے کے وقت ایم ایل اے موصوف سرینگر میں تھے ، تاہم ان کے اہل خانہ گھر پر ہی موجود تھے۔گھر کے کچن کی ایک کھڑکی کو نقصان پہنچا ہے اور کچھ شیشے ٹوٹ گئے۔ حملہ آور گرینیڈ داغنے کے فوراً بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔