سرینگر//ریاستی کانگریس نے گیسو تراشی کے بڑھتے واقعات کے خلاف احتجاجی اور جانکاری مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی کے تمام اضلاع میں عام لوگوں میں21سے26اکتو بر تک جانکاری مہم چلائی جائیگی ۔ریاستی کانگریس کے ترجمان مطابق کانگریس پارٹی وادی بھر میں گیسو تراشی کے بڑھتے واقعات کے خلاف ہر ضلعے میں احتجاجی دھرنا دے گی اوراس مہم کی شروعات شمالی ضلع کپوارہ سے کی جائیگی جہاں پر گیسو تراشی اور ہراسانیوں کے واقعات کے خلاف احتجاجی دھرنا بھی دیا جائیگا ۔ ترجمان نے بتایا کہ کانگریس کے لیڈران اور کارکنان وادی بھر کے تمام اضلاع میں پارٹی صدر غلام احمد میر کی قیادت میں گیسو تراشی کے واقعات کے خلاف اپنا احتجاج درج کرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام کے تحفظ خاص طور پر خواتین کے عزت وقار کےلئے مثبت اپوزیشن کا کردار کا ادا کرے گی ۔
بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال کال کی حمایت
سرینگر//ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے گیسوتراشی کے واقعات پرلگام دینے کیلئے سرکاری ناکامی کے خلاف مزاحمتی قیادت کی جانب سے دی گئی ہڑتال کال کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔بار ایسوسی ایشن نے کہاکہ وادی کے عوام کو شدید پریشانیوں میں مبتلاءکردیا گیا ہے اور حکومت کئی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دینے کے اعلانات کے باوجود عملی طور کچھ بھی نہیں کررہی ہے ۔بار ایسوسی ایشن نے ان شرمناک واقعات کے خلاف سنیچر کو مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کی حمایت کی ہے اور وکلاءبرادری سے عدالتی کام کاج کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔اس دوران بار ایسوسی ایشن نت مرکزی جامع مسجد سرینگر کو مسلسل بند رکھنے اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر قدغن لگانے کو مداخلت فی الدین قرار دے کر اسکی شدید الفاظ مین مذمت کی ہے۔
سکھناگ وائرسپلائی سکیم پر کام شروع کیا جائے: حکیم یاسین
سرینگر//پی ڈی ایف چیرمین اور ایم ایل اے خانصاحب حکیم محمد یاسین نے وائرسپلائی سکیم سکھناگ کے دوسرے مرحلے پر کام شروع کرنے پر زور دیا ہے تاکہ دیگر دیہات کو بھی اس سکیم کے دائرے میں لایا جاسکے۔ انھون نے سوچلی پتھری میں 27کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی مجوزہ سکیم پر بھی فوری طور کام شروع کرنے کی بھی مانگ کی۔محکمہ پی ایچ ای کے انجینئروں کے ساتھ خانصاحب علاقے میں پینے کے پانی کی دستیابی کا جائیزہ لینے کے بارے میں طلب کی کئی ایک میٹنگ میں حکیم یاسین نے خانصاحب میں پی ایچ ای سب ڈویژن قایم کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے دانتر،وترپورہ،گندارجن،ھری وانہی،پاتواو،ھردویل،وترپورھ علاقوں مین پینے کے پانی کی فراہمی میںبہتری لانے پر زور دیا۔
بجلی سپلائی متاثرے رہے گی
سرینگر//چیف انجینئر ای ایم اینڈ آر ای ونگ کشمیر کے مطابق ماگام گلمرگ روڈ پر 534-535نمبر کے درمیان ٹرانسمیشن لائن کی ضروری مرمت کے پیش نظر21اکتوبر2017ءکوکولگام دارا کنزر ریسوینگ سٹیشن سے بجلی حاصل کرنے والے علاقوں میں صبح9بجے سے 5بجے تک بجلی کی سپلائی متاثررہے گی۔
پی ڈی پی ناکامیوں کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار:این سی
سرینگر//نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر شمیمہ فردوس نے پی ڈی پی لیڈر یاسر ریشی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گیسو تراشی کے پیچھے کون سے غیبی ہاتھ کار فرما ہیں ،یہ سب جانتے ہیں ۔انہوں نے کہا ،پی ڈی پی لیڈن نے فرسٹیشن میں جواب دیا، اُسے علاج کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا پی ڈی پی حکومت کی ناکامی کے خلاف احتجاج نے اُنہیں بوکھلاہٹ کا شکار بنا دیا اور اب وہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کےلئے اپوزیشن پر الزام تراشی کررہے ہیں ۔شمیمہ فرودس نے این سی پر الزام تراشی کے بجائے پی ڈی پی لیڈر کو اپنی حکومت کی کار کردگی پر انگلی اٹھانی چاہئے ،جو ملوثین کو پکڑنے اور نشاندہی کرنے میں ناکام رہی ۔
بی جے پی ،پی ڈی پی مخلوط سرکار مجموعی طور ناکام : ایڈوکیٹ نذیر ملک
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور ہائی کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ نذیر احمد ملک نے پی ڈی پی اور بی جے پی مخلوط سرکار پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرکار عام آدمی کو شفاف انتظامیہ فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے پی ڈی پی کے اُنکے 2014 کے انتخابات میں کئے گئے دعوے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ کشمیری لوگوں نے اس جماعت پر اعتماد اس لئے کیا تھا کہ وہ کشمیری کو فرقہ پرست طاقتوں سے دور رکھے گی۔ مگر اس جماعت نے کرسی کی خاطر فرقہ پرست جماعت سے ہاتھ ملایا اور کشمیری قوم کے جزبات کے ساتھ مذاق کیا۔ ایڈوکیٹ ملک نے الزام لگایا کہ مخلوط سرکار کشمیری مذہبی بھائی چارے کو پنڈت کالنیوں کے نام پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں جس کا نتیجہ کشمیریوں کو 2016 میں برہان وانی کے مارے جانے کے بعد سینکڑوں معصوم جانوں کی قربانیوں، ہزاروں زخمیوں اور سینکڑوں کی بینائی سے ہاتھ دھونے کے طور پر اٹھانا پڑا۔ نذیر ملک نے مذید کہا پی ڈی پی ریاست جموں کشمیر کی خصوصی حثیت کو برقرار رکھنے میں بھی ناکام ہوئی اور اس جماعت کے وہ دعوے کہ یہ حکومت جموں کشمیر میں ایک شفاف انتظامیہ فراہم کرے گی ایک بھوندا مذاق ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں زلف تراشی کے دہشت کی ایک نئی لہر چل رہی ہے اور مخلوط سرکار اس معاملے کو سلجھانے میں مکمل ناکام ہوئی ہے اور وزیر اعلیٰ خود عورت ہونے کے باوجود کشمیری عورتوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے پی ڈی پی کے ایک ممبر کے بیان کو مزاقیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے پی ڈی پی کی بوکھلاہٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔
مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے جموں کشمیریوتھ اسمبلی کی مہم
مظفرآباد//پاکستان زیر انتظام جموں کشمیریوتھ اسمبلی نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے عالمی مہم شروع کردی۔ مہم کے تحت ابتدائی مرحلہ میں پاکستان کے ذرائع ابلاغ سے وابستہ دانشوروں، اینکر پرسنز، قلمکاروں ، ادیبوں اور پاکستان زیر انتظام کشمیر کی نمایاں شخصیات کو مکتوب ارسال کئے جائیں گے۔ یوتھ اسمبلی کے صدربلال عبداللہ شیخ، چیف آرگنائزر محمد اقبال میر کے بیان کے مطابق مہم کے دوران پاکستان کے زیر انتظام کشمیرا ور پاکستان کے مختلف علاقوں میں سول سوسائٹی کی اہم شخصیات اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات سے ملاقات کر کے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کریگی۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ جنت ارضی کا چپہ چپہ عقوبت خانوں کا منظر پیش کررہا ہے اور بھار ت عالمی سطح پر ایک مضبوط اور موثر ملک کے طور پر ابھر رہا ہے اور پروپیگنڈے سے آئے روز کشمیری قوم کے خلاف عالمی برادری سے اپنے حق میں فیصلے کروا رہا ہے۔
آشا ورکروں کے مطالبات پورے کئے جائیں :تاریگامی
سرینگر //آشاورکروں کے ماہانہ مشاہروں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما و ممبراسمبلی محمد یوسف تاریگامی حکومت پر زور دیاہے کہ ان ورکروں کے ساتھ انصاف کیاجائے جنہیں محنت و مشقت پر بہت ہی کم محنتانہ دیاجاتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ آشاورکروں نے نیشنل ہیلتھ مشن سکیم کو کامیاب بنانے کیلئے اہم خدمات انجام دی ہیں ۔ انہوںنے حکومت پر زور دیاکہ وہ ان کے جائز اور دیرینہ مطالبات پورے کرے جن میں ان کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ ، یومیہ چھ گھنٹے ڈیوٹی ، خصوصی کٹس کی سپلائی ، سوشل سیکورٹی فوائد جیسے ای پی ایف اور پنشن وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ آشا ورکروں نے دیہی علاقوں میں خواتین کی طبی خدمات کی فراہمی میں بہتری لائی ہے اور سماجی طور پر ایک طرح سے بیداری لائی ہے ۔
سیفی سوپوری کی وفات پر گورنر ،وزیر اعلیٰ اور سوز کا اظہار رنج
سرینگر//گورنراین این ووہرا،وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی،سابق مرکزی وزیر سیف الدین سوز نے معروف ماہر تعلیم اور دانشور پیر سیف الدین سیفی جنہیں عرف عام میں سیفی سوپوری کے نام سے جانا جاتا ہے، کے انتقال پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔گورنر این این ووہرا نے اپنے پیغام میں گورنر نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔اپنے تعزیتی پیغام میں محبوبہ مفتی نے سیفی سوپوری کو اپنے وقت کا ایک عظیم تعلیمی منتظم قرار دیا جنہوں نے وادی بالخصوص شمالی کشمیر میں تعلیمی نظام کی بنیاد کو پائیدار بنانے میں کلیدی رول ادا کیا۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مرحوم کو اُردو، فارسی اور عربی زبانوں پر کافی دست رس حاصل تھی اور انہوں نے ان زبانوں کے ادب کو مستحکم بنانے کے لئے بھی قابلِ فخر کام انجام دیئے۔محبوبہ مفتی نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے دُعا کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔پروفیسر سیف الدین سوزنے اپنے تعزیتی بیان میں کہاکہ مرحوم سیف الدین سیفی نے جو بھی عہدہ پایا اس پر نہایت ہی سنجیدگی کے ساتھ کام کرتے رہے اور اپنے فرائض بخوبی انجام دیتے رہے۔انہوں نے کہاکہ سیفی کے انتقال سے تدریسی عمل اور تعلیم پر ماہرانہ لیاقت کا ایک دور ختم ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا”میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور میں سوگوار خاندان سے تعزیت کاا ظہار کرتا ہوں۔“
گیلانی کا اظہار تعزیت
سرینگر// حریت (گ) چیرمین سید علی گیلانی نے سیف الدین سیفی سوپور کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ سیفی صاحب کو میں ذاتی طور جانتا ہوں ملازمت کے دوران میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے۔ مرحوم نہایت شریف اور دین پسند انسان تھے اور میرے ان کے ساتھ گہرے تعلقات تھے۔ انہوں نے مرحوم کے حق میں دُعا کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو صبر و برداشت کی توفیق نصیب کرے۔
۔ 24 متوفی پولیس اہلکاروں کے
بچوں کے حق میں وظیفہ منظور
سرینگر//جموںو کشمیر پویس سربراہ ڈاکٹر ایس, پی وید نے 24 متوفی پولیس اہلکاروں کے38بچوں کے حق میں ایک لاکھ تیرہ ہزار روپے وظیفہ منظور کیا ہے۔ یہ وظیفہ مرکزی بہبود فنڈ سے تعلیمی سال 2016-2017 کیلئے منظور کیا گیا ہے۔جن بچوں کے حق میں یہ و ظیفہ منظور کیا گیا ان میں 17بچے پرائیمری یا مڈل کلاس کے طلاب ہیں جب کہ 21بچے ہائی کلاس یاگریجویشن میں زیرِ تعلیم ہیں۔ جن بچوں کے حق وظیفہ منظور کیا گیا ہے ان میں مر تضیٰ اسحاق، یاور اسحاق، شاہد احمد، ندیم حُسین،کرم شرما، رضیہ فاروق، ناصر فاروق، ریوندر سنگھ ، سمیرہ عابد،روقیہ یوسف، توقیر فیاض، شروتی شرما، انَکت شرما، سمرن حامد، ساحل شرما،وانشکا ٹھاکرُ، جیدیپ سنگھ، گرُپریت سنگھ، مہوش شوکت، ازرہ جان، عرو جہ ارشاد، سجاد ارشاد، روبینہ رسُتم، راحی مجید، اُویس مجید، عمر مجید، عمر منظور، افنان منظور، جبران سجاد، ساحل سجاد، اقرہ عباس، اسرار عباس، میرب منظور، سیرت العین، محمد یاسین، روبینہ اختر، باسط احمد اور آئینہ شامل ہے۔ ان کے حق میں فی کس سالانہ تین ہزار روپے منظورکئے گئے ہیں۔