کیدارناتھ// وزیراعظم نریندر مودی نے جدید کیدارپوری کی تعمیر کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اتراکھنڈ حکومت سے ریاست کو 'آرگنک سٹی' کے طورپر فروغ دینے کے لئے آج کہا۔ اتراکھنڈمیں واقع کیدارناتھ دھام میں تعمیر نو کے پانچ پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد ررکھنے کے بعد ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ کیدارپوری کی تعمیر نو جدید طریقہ سے کی جائے گی اور اس سلسلہ میں اس کے افسانوی وجود کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ہی ماحولیات کا بھی پورا خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کیدارناتھ آفت کے بعد گجرات کے وزیراعلی کے طورپر انہوں نے کیدار ناتھ کی تعمیر نو کا کام اپنے ہاتھ میں لینے کی اس وقت کی حکومت سے گزارش بھی کی تھی اور اس کے لئے اتفاق رائے بھی ہوگیا تھا لیکن بعد میں جیسے ہی یہ خبر آئی کہ گجرات کی مودی حکومت کیدارناتھ کی تعمیر نو کرے گی اس وقت کی حکومت نے اپنی مرکزی قیادت کے اشارے پر اعلان کردیا کہ ریاستی حکومت خود ہی اس کی تعمیر نو کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بابا کیدارناتھ کو آفت کے بعد تعمیر نو کا کام مجھ سے ہی کروانا تھا اور آج انہوں نے مجھے یہ موقع دے دیا ہے ۔ کیدارپوری کی تعمیرنو جدید طریقہ سے لیکن ماحولیات کے مطابق کی جائے گی تاکہ ماحول آلودہ نہ ہو اور کیدارناتھ کا فروغ عقیدت مندو ں کے جذبات کے مطابق ہو۔۔مسٹر مودی نے کہاکہ سکم بھی ہمالیائی علاقہ کی ریاست ہے اوراسے مکمل طورپر آرگنک اعلان کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ خواب اب اتراکھنڈ حکومت کو پورا کرنا ہے اور اس کے لئے لوگوں میں بیداری لانی ہے ۔ اس تصور کو اب تبدیل کرنا ہے کہ پہاڑ کا پانی اور پہاڑ کی جوانی پہاڑ کے کام نہیں آتی۔ اس خیال کو ان کی حکومت تبدیل کردے گی۔