کشتواڑ//ممبرقانون ساز کونسل فردوس ٹاک نے ضلع کے دور دراز علاقہ مڑواہ سے حمایت سکیم کے تحت 55 نوجوانوں کو مختلف تربیتی کورس کے لئے روانہ کیا ۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ و زیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو ترقیاتی عمل میں حصہ دار بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ان نوجوانوں کو سوریہ وائرز پرائیویٹ لمیٹڈ رائے پورمیں رٹیل اور آئی ٹی تربیت کےلئے روانہ کیا گیا ہے جہاں سے انہیں تربیت مکمل کرنے کے بعد سوریہ وائرز پرائیویٹ لمیٹڈ رائے پور اپنی کمپنیوں میںروز گار دینے پر بھی غور کرے گی۔اس دور دراز علاقہ سے ،جو کہ سردیوں میں باقی ملک سے چھ مہینے کے لئے الگ تھلگ رہ جاتا ہے اور جہاں پر بیروز گاروں کی ایک بڑی تعداد ہے ،کوپہلی مرتبہ بھاری تعداد میں نوجوانوں کو تربیت کےلئے روانہ کیا گیا ہے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ایم ایل سی فردوس ٹاک نے وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج عبدل حق خان کا حمایت سکیم کے تحت ایک ٹیم اس درو دراز علاقہ کے لئے روانہ کرنے پر شکریہ ادا کیا ،تاکہ یہ نوجوان سکیم ہذا سے مستفید ہوں۔انہوںنے کہا نوجوان ریاست کی ایک بہت بڑی طاقت ہے ا ور انکی توانائی کو خوشحال ریاست کے مقصد کے لئے بروئے کا رلانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار نے ریاست کی بھلائی کے لئے متعدد سکیمیں شروع کی ہیں۔