کپوارہ//موسم سرما کی آ مد کے ساتھ ہی سرحدی ضلع کپوارہ کے کرالہ پورہ اور ترہگام میں بجلی بحران نے سنگین رخ اختیار کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میںشام ہوتے ہی اندھیراچھاجاتا ہے اور لوگو ں میں محکمہ کے تئیں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے ۔کرالہ پورہ اور اس کے مضافاتی دیہات کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقوں میں گزشتہ3برسوں کے دوران بجلی کا سخت بحران پیدا ہو اہے اور موسم سرما شروع ہوتے ہی ان علاقوں میں بجلی کی آ نکھ مچولی جاری ہے ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ گزشتہ تین سالو ں کے دوران کرالہ پورہ میں قائم رسیو نگ اسٹیشن اوور لو ڈ ہوتا ہے کیونکہ نصب شدہ ٹرا نسفار مر کی صلا حیت بہت کم ہے اور نتیجے کے طور رسیو نگ اسٹیشن سے سے ایک ساتھ تین فیڈر کام نہیں کرتے ہیں ۔کرالہ پورہ کے لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ گزشتہ تین سالو ں کے دوران لوگو ں نے بجلی کی ابتر صورتحال کے خلاف کرالہ پورہ کے مین چوک میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے جس کے بعد یہ یقین دلایا گیا کہ بہت کم وقت میںکرالہ پورہ رسیونگ اسٹیشن میں بڑا صلاحیت والے ٹرانسفارمر کو نصب کیا جائے گا ۔لوگو ں نے الزام لگایا کہ تین سال گزر جانے کے باوجود بھی آج تک بڑے صلاحیت والے بجلی ٹرانسفار مر کو نصب نہیںکیا گیا جس کی وجہ سے کرالہ پورہ میں موسم سرما کی آ مد کے ساتھ ہی بجلی بحران نے سنگین رخ ختیار کیا ہے ۔مقامی لوگو ں نے مزید بتا یا کہ اس سال بھی لوگو ں کو خدا کے رحم و کرم پر چھو ڑ دیا گیا اور اس سال بھی کرالہ پورہ رسیونگ اسٹیشن میں بڑے صلا حیت والے بجلی ٹرانسفارمر کو نصب نہیںکیا گیا اور گزشتہ دو ہفتو ں کے دوران کرالہ پورہ علاقہ میں بجلی کی آنکھ مچولی نے لوگو ں کا جینا دو بھر کر دیا اور ہر سال کی طرح امسال بھی کرالہ پورہ میں بجلی کا کوئی شیڈول نہیں ہے ۔اس دوران ترہگام اور اس کے ملحقہ علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ یہا ں بھی بجلی کا سخت بحران پیدا ہو اہے کیونکہ ویلگام میں قائم گریڈ اسٹیشن سے ہری میں قائم رسیونگ اسٹیشن تک صرف دو ہی فیڈر کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہری میں قائم رسیونگ اسٹیشن پوری طرح کام نہیں کر پاتا ہے اور محکمہ بجلی کٹوتی کرنے پر مجبورہے ۔کرالہ پورہ اور ترہگام کے لو گو ں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موسم سرما کے پیش نظر لوگو ں کو بجلی کے حوالے سے مسائل حل کرنے میں فوری طور اقدامات کریں ۔