ڈوڈہ
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ// ضلع پولیس لائن ڈوڈہ میں شہدائے پولیس کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میںاپنی ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاران کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا،اُن کی یادگار میں پھول نچھاور کئے گئے اور سلامی دی گئی۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رکوال ، ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر،کمانڈنگ آفیسر دس راشٹریہ رائفل اے پی سنگھ،اے ایس پی ہیڈکوارٹرس ڈوڈہ ونے کمار،ایس پی آپریشنز ڈوڈہ رویندر پال سنگھ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرس ڈوڈہ افتخار احمد،ڈی ایس پی ڈی اے آر ڈسٹرکٹ پولیس لائن ڈوڈہ نذیر احمد گنائی کے علاوہ پولیس اور سول انتظامیہ کے متعدد دیگر آفیسران ،قصبہ ڈوڈہ کے متعدد معززین اورشہدائے پولیس کے رشتہ دار بھی موجود تھے۔اس موقع پرایس ایس پی ڈوڈہ نے شہدائے پولیس کو خراجِ قیدت و تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں نے اپنے وطن اور اپنے لوگوں کی حفاظت، روشن مستقبل اور دہشت گردی کے خلاف اپنے خون کی جو قیمت ادا کی ہے وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور ان کی ملک و قوم کے لئے پیش کی گئی یہ قربانی لائق تحسین ہے۔ پوری قوم کو ان عظیم شہداء پر فخر ہے اور ان کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔اُنہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں اوریہ قربانیاں ہمارے لئے سب سے بڑا اعزاز ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے ورثا کو ہم اپنے خاندان کے افراد تصور کرتے ہیں اور اُن کی ہر ممکن مدد کی جاتی رہے گی۔ پولیس اُن کے مسائل کو حل کرنے،اُن کی شکایات کا ازالہ کرنے اور اُن کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے کوشاں ہے اور رہے گی اور اُنہیں جو بھی کوئی مسئلہ درپیش ہو وہ بلا جھجھک ہمارے پاس آ سکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے ورثا کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت نے مختلف اسکیمیں شروع کی ہیں جن سے اُنہیں کافی راحت مل رہی ہے۔تقریب کے دوران شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کی عزت افزائی بھی کی گئی۔اس موقع پر سی آر پی ایف،آئی اار پی اور پولیس کے دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا شہدائے پولیس کی یاد گار پر پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی۔
ریاسی
زاہد ملک
ریاسی//ڈوڈہ پولیس لائنز میں58واں پولیس یادگاری دن منانے کے لئے سنیچر کے روزایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ایس ایس پی ریاسی طاہر سجاد بٹ نے پولیس لائنز میں قائم شہید میموریل پر پھولوں کا ہار چڑھایا اسکے بعد سال2017 میں شہید ہوئے تمام 383پولیس اہلکاروں کے نام پڑھ کر سنائے گئے۔اس موقعہ پر ایس ایس پی ریاسی نے اپنے خطاب میںکہا کہ یہ دن 1959 میں 10پولیس اہلکاروں کی جانب سے چین کی سرحد پر اپنی قربانی پیش کرنے کے یاد میں منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ1959 سے قبل پولیس اہلکاروں کو 2500میل لمبے تبت کے ساتھ لگے سرحد کی دیکھ بال کا ذمہ سونپا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس قائم ہونے کے بعد سے اب
تک کافی تعدا د میں پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی مخالف اور امن و قانوں بنائے رکھنے میں اپنی زندگیوں کی قربانی پیش کی ہے۔تقریب میں شہیدوں کے کنبوں ،ریاسی کے معزز شہریوںکے علاوہ اے ایس پی وریندر منہاس، اے ایس پی ریاسی نریز سنگھ، اے ایس پی کٹرا نکھل گوگنا، ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز ریاسی ستیش بھاردواج،ڈپٹی ایس پی ڈی اے آر ریاسی، ایس ڈی پی او ارناس محمد اسلم،اور سی پی او ریاسی آر ایس بندرال نے بھی شرکت کی۔انہوں نے حال ہی میں پولیس فورس میں شرکت کرنے والے اہلکاروں سے شہید پولیس اہلکاروں کے مسائل کو ترجیح دینے کے لئے کہا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس ریاسی میں امن و قانوں بنائے رکھنے میں کوئی دقیقہ فرد گذاشت نہیں کرے گی۔
کشتواڑ
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//ضلع ہیڈ کوارٹر کشتواڑ میں قومی پولیس یادگاری دن منا نے کے لئے ضلع پولیس لائنزمیں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقعہ پر یادگاری پریڈ پر ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری نے سلامی لی۔تقریب میں برگیڈ کمانڈر 09سیکٹر آر آر روہن آنند،ڈپٹی کمشنر کشتواڑ اے ایس رانا ،فوج کے کمانڈروںاورسی آر پی ایف کے علاوہ شہیدوں کے عزیزو عقارب نے بھی شرکت کی۔پولیس کے ٹیریٹوریل افسروں،سول انتظامیہ کے افسروں،این ایچ پی سی کے گی ایم اور میڈیا برادری نے بھی تقریب میں شرکت کی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری نے ملک کی یکجہتی اور ملک کے مختلف حصوں میں لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کرنے کے دوروان اپنے جان کی قربانی پیش کرنے والے شہید پولیس اہلکاروں کو زبر داست خراج عقیدت ادا کیا ۔انہوں نے شہید پولیس اہلکاروںکے نام بھی پڑھ کر سنائے۔انہوں نے کہا کہ شہید وں کو خراج عقیدت ادا کرنے کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہے کہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت نیک نیتی سے کیا جا ئے۔بعدازاں پولیس ا فسروں، جوانوں، مہمانوں و شہیدوں کے اہل خانہ نے شہیدوں کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے۔بعد ازاںایس ایس پی کشتواڑ نے شہیدوں کے رشتہ داروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور انکی شکایات سُن کر موقعہ پر ہی انکے ازالہ کے احکامات اجرا کئے۔
رام بن
ایم ایم پرویز
رام بن//ملک اور ریاست جموں و کشمیر میں شہید ہوئے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے ایک تقریب منعقد کی گئی۔اس سلسلہ میں ضلع پولیس لائنز میںمنعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ، پولیس وسول انتظامیہ کے افسروں و اہلکاروںنے شرکت کی۔چندروگ میں قائم وار میموریل پر ڈپٹی کمشنر طارق حُسین گنائی، ایس ایس پی رام بن موہن لعل، ایس ایس پی ٹریفک سنجے بھگت، یڈیشنل ایس پی چودھری مشتاق ،ایم ایل اے نیلم کمار و پولیس کے افسروںو جوانوں نے پھولوں کے ہار ڈالے۔گلہائے عقیدت ادا کرنے والوں نے اں شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا جنھوں نے ملک کے عوام کے جان و مال کی حفا ظت کیلئے اپنی قربانی پیش کی۔اس موقعہ پر شہیدوں کے بعض رشتہ داروں کو منجانب پولیس ڈپٹی کمشنر نے تحفے مہیا کئے۔