سرینگر// سیدعلی گیلانی نے ’’ اللہ کی مدد کے بعد نوجوانوں کوانمول سرمایہ ‘‘قراردیتے ہوئے واضح کردیاہے کہ صداقت پر مبنی رواں تحریک کودبانے والے ناکام ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دلدل میں پھنسانے والی نیشنل کانفرنس اور اس قبیل کے دوسرے لوگ ہیں۔ حریت(گ) کا اہم اجلاس چیرمین سید علی گیلانی کی صدارت میں حیدرپورہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حریت کی جن اکائیوں کے سربراہوں یا ان کے نمائندوں نے شرکت کی ان میں مسلم کانفرنس، تحریک حریت، مسلم ڈیموکریٹک لیگ، تحریک مزاحمت، اسلامک پولیٹکل پارٹی، ماس مومنٹ، کشمیر فریڈم فرنٹ، کشمیر تحریکِ خواتین، پیپلز مومنٹ، انجمن شرعی شعیان، مسلم لیگ، ڈی پی ایم اور پیپلز لیگ شامل ہیں۔ شرکاء اجلاس نے گیسو تراشی کے واقعات کے طول پکڑنے پر تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے سید علی گیلانی کی بروقت راہنمائی پر اطمینان کا اظہار کیا، جو پیغام کی صورت میں لوگوں کو نظم وضبط کے حوالے سے سامنے آیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پولیس اب ہلڑ بازوں کی آڑ میں تحریک پسندوں کے گھروں پر چھاپہ ماری کررہی ہے اور انہیں پرہجوم تشدد میں ملوث ہونے کا الزام دیکر گرفتار کیا جارہا ہے۔ اجلاس میںفوجی جنرل بپن راوت کے اس بیان پر بھی تبصرہ کیا گیا کہ گیسو تراشی کے واقعات کوئی چلینج نہیں، جبکہ یہ کشمیری عوام کی غیرت کا مسئلہ ہے۔ اگر ان مجرمین کو پکڑنا چلینج یا ضروری نہیں تو یہ لوگ عوام کے غیرت وناموس کی محافظت کی دعوے داری پھر کیوں کررہے ہیں؟ ۔بیان کے مطابق مذاکرات کے حوالے سے بھارتی ذمہ داروں کے متضاد بیانات کو لیکر کہا گیا کہ ایک جامع مذاکرات کی وکالت کرتا ہے تو دوسرا کہتا ہے کہ مذاکرات کی ضرورت نہیں کشمیر اٹوٹ انگ ہے۔ اجلاس میں اسیران تحریک کے حوصلوں کو سلام پیش کرکے کہا گیا کہ ان قربانیوں کے بدولت ہی ہماری تحریک کو جلا ملتی ہے۔ حریت چیرمین (گ)سید علی گیلانی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا یہ حربے ہمیں دبانے کے لیے کئے جارہے ہیں۔ اللہ کی تائید ونصرت سے ہماری تحریک نہیں دب جائے گی، کیونکہ ہماری تحریک صداقت پر مبنی ہے۔ دنیا کی تاریخ گواہ ہے، حق پر مبنی تحریکیں ناکام نہیں ہوتی، بلکہ انہیں دبانے والے ناکام ہوجاتے ہیں۔ حریت(گ) چیرمین نے کہا ہمیں اس دلدل میں پھنسانے والی نیشنل کانفرنس اور اس قبیل کے دوسرے لوگ ہیں، لیکن بدقسمتی ہے کہ کچھ لوگ ان کی بھی حمایت کررہے ہیں، جبکہ ہونا یہ چاہیے کہ ہم ظالم کو ظالم کہہ کر حق کا ساتھ دیں۔ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ہماری جدوجہد مبنی برحق جدوجہد ہے اور اس حوالے سے ہم نے لاکھوں لوگ قربان ہوتے دیکھے ہیں۔سید علی گیلانی نے تمام اکائیوں کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ صورتحال میں متحرک اور منظم رہ کر عوام کے ساتھ رابطہ بڑھا کر انکا حوصلہ بڑھائیں۔ حریت(گ) چیرمین نے کہا ہماری کامیابی کی ضمانت اسلامی تعلیمات پر عمل ہے۔ اللہ کی مدد کے بعد ہمارا سرمایہ نوجوان ہے۔ بھارت نواز جماعتیں نوجوانوں کو مختلف جھانسوں میں مبتلاء کررہی ہیں، لیکن ہمیں نوجوانوں میں اسلامی فکرونظر پیدا کرکے تحریکی تقاضوں کو پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا ہماری کامیابی کی ضمانت اسلام، آزادی اور اتحاد ملّت ہے۔ اگر پوری قوم ان اہداف پر عمل پیرا ہوں تو بہت جلد ہم اپنی منزل سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔