کولگام// گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگرکی ایک پانچ رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم نے ضلع ہسپتال کولگام کا دورہ کیا اور چوٹیاں کاٹنے سے متاثر ہوئے لوگوں سے ملاقات کی۔ٹیم نے 38رونما ہوئے واقعات میں سے 18متاثرین سے بات چیت کی ۔ ٹیم کے دورے کا مقصد متاثرین کوکونسلنگ فراہم کرنا تھا تاکہ انہیں ذہنی دباﺅ سے باہر نکالا جاسکے۔دریں اثناءڈاکٹروں نے ان حادثات کے متاثرین کے کنبوں کو مشورہ دیا کہ وہ متاثرین کو پُر سکون روزمرہ زندگی گزارنے اور اس خوف سے نکلنے میں مدد کریں۔انہوںنے تیمارداروں سے کہا کہ وہ ان متاثرین کو دوسرے کاموں میں مشغول رکھیں تاکہ یہ متاثرین کم سے کم وقت کے اندر معمول کی زندگی پھر سے شروع کرسکیں۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم پہلے ہی تشکیل دی گئی ہے تاکہ معاملے کی تحقیقات کی جاسکے ۔ٹیم میں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام کے علاوہ ڈاکٹر طلعت پرویز روحیلا ، چیف میڈیکل آفیسر ، میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال و دیگر افسران شامل تھے۔