سرینگر//یونائیڈ مسلم کونسل کشتواڑ نے ریاست جموں و کشمیر میں گیسو تراشی کو صنف نازک کی تذلیل قرار دیا اور ریاستی سرکار سے مطالبہ کیا کہ ایسے شر انگیز افراد کو بے نقاب کیا جائے ۔کونسل نے عوام سے اتحاد اور یکجہتی بنائے رکھنے کی اپیل کی تاکہ قوم دشمن عناصر کی سازشوں کو بے نقاب کیا جائے ۔ایک بیان میں مسلم کونسل نے کہا کہ یہ غیر انسانی اور شیطانی مہم ہر نئے دن کے ساتھ تشویشناک صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے اور اس اندوہناک مہم سے خواتین کے ساتھ ساتھ مرد یہاں تک کہ معصوم بچے بھی بہت خوفزدہ اور پریشان ہیں اور ہر کوئی گھر سے باہر نکلنے میں غیر محفوظ محسوس کر رہاہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اپنے سرکاری کارندوں کے ذریعے عملی اقدامات کرنے کی حکمت عملی پیش کرکے اس طرح کی غیر انسانی حرکتیں کرنے والے مجرمین کو عوام کے سامنے پیش کرے۔بیان کے مطابق اب کب تک یہ عناصر چوٹیاں کاٹنے کی اس شیطانی مہم کو یہاں جاری رکھیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تعجب کی بات ہے کہ یہ سب دہشت گردانہ اور غیر انسانی وارداتیں دیکھ کر بھارتی میڈیا خاموش ہے۔