سرینگر// مسلم لیگ کے محبوس چیرمین مسرت عالم بٹ کو کورٹ بلوال جیل جموں سے سرینگر لایا گیا جہاں انھیں زیرایف آئی آر نمبر 26/07کے تحت ایک پرانے کیس کے سلسلے میں 3rd منصف (ADG)کے سامنے پیش عدالت کیا گیا۔ اس کیس کی اگلی سماعت 7.11.17 کو رکھی گئی ہے ۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ تمام قانونی لوازمات کو پورا کرنے کے باوجود مسرت عالم بٹ کو ایک منصوبہ بند کڑی کے تحت اور سازشی طریقے سے ایک کیس میں بری ہونے کے بعد دوسرے فراڈ اور من گھڑت کیس میں پھنسانے کی پالسیاں ترتیب دی جارہی ہیں جو انسانی حقوق کی سنگین اور بد ترین پامالی ہے۔ سجادایوبی نے مسرت عالم بٹ کے تئیںروا رکھے جارہے اس سلوک اور کیس پر کیس بنانے کی روش کو ناقابل قبول اور سعی لاحاصل قرار دیتے ہوئے ریڈ کراس، ہیومین رائٹس واچ اور دوسری انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسرت عالم بٹ کو بدترین سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنانے کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کی رہائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں پہل کرے۔