سرینگر//نئی دلی میں مقیم جرمن سفارتخانے میں منسٹر کونسلراور پولیٹکل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ارنو کیرچوف اور سیاسی صلح کار ساکشی ارورہ آج نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ کے ساتھ اُن کے دفتر نوائے صبح کمپلیکس میں ملاقی ہوئے۔ ملاقات کے دوران ریاست کی مجموعی سیاسی، معیشی اور اقتصادی کے علاوہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں تبادلہ خیالات ہوا۔ عمر عبداللہ نے سفارتکار کو جموںوکشمیر کی سیاسی صورتحال کے بارے میں آگاہی دلائی اور ساتھ ہی نیشنل کانفرنس کے موقف سے بھی آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے حال ہی میں مرکزی سرکار کی طرف سے جموں وکشمیر کیلئے مذاکرات کار کی نامزدگی کے بارے میں بھی سیر حاصل بحث کی گئی۔ عمر عبداللہ نے سفارتکار کو نئی دلی میں مقیم سابق جرمن کے سابق سفارتکار مسٹر مائیکل سٹینر کے ساتھ اُن کے قریبی مراسم کے بارے میں بھی بات کی۔اس موقعے پر پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی اور سیاسی صلح کار تنویر صادق بھی موجود تھے۔ اسی دوران قاضی گنڈ، ویسو ، خانیار، اننت ناگ اور سرینگر سے آئے ہوئے عوامی وفود اور پارٹی کارکنان و عہدیداران بھی عمر عبداللہ سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کے مشکلات اور مسائل کی جانکاری دی۔ انہوںنے لوگوں کے مسائل غور سے سنے اور کہا کہ نیشنل کانفرنس آپ کے مسائل و مشکلات متعلقہ حکام تک لیجانے اور اُن کا سدباب کرانے کی ہر ممکن کوشش کریگی۔