سرینگر//گورنر این این ووہرا جو کشمیر یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں، کی صدارت میں یہاں راج بھون میںیونیورسٹی کونسل کی78 ویں میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے بھی شرکت کی۔گورنر نے یونیورسٹی کے تدریسی اور تحقیقی پروگراموں کا متواتر طور جائیزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ یونیورسٹی ملک اور بیرون ملک کے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے ہم پلہ بن سکے۔چانسلر اور وزیر تعلیم نے جاب مارکیٹس کی ضروریات کے عین مطابق موجودہ پروگراموں کی افادیت کا جائیزہ لینے پر زور دیا۔ چانسلرنے وائس چانسلروں سے کہا کہ وہ جائیزہ لے کر فرسودہ کورسوں میں مناسب طور سے ترمیم کر کے کچھ نئے کورس بھی متعارف کریں تا کہ روز گار کے مواقعے پیدا ہوسکیں۔گورنر نے ریاست کی یونیورسٹیوں سے کہا کہ وہ اندرونی سطح پر جائیزہ لینے کے لئے تیسرے فریق کو شامل کریں۔چانسلر نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی میں سال بھر صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں طُلاب اور عملہ میں بیداری پیدا کی جانی چاہئے۔اس سے قبل کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خورشید اقبال اندرابی نے ایک تفصیلی پریذنٹیشن کے ذریعے یونیورسٹی میں انتظامی، تدریسی، مالی، امتحانی اور دیگر سطحوں پر لائی گئی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے کئی طُلاب نے قومی سطح کے مقابلہ جاتی امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کی کارکردگی کو اجاگر کیا۔یونیورسٹی کونسل نے یونیورسٹی ریسرچ کونسل قائم کرنے اؤر ہیڈ چارجز کو بروئے کار لانے کے حوالے سے رہنما خطوط اختیار کرنے، یون یورسٹی کے امتحانی نظام میں اصلاحات لانا، بی ایس سی نرسنگ کورس کے لئے کامن انٹرینس ٹسٹ کے انعقاد اور ایم ای آر سی میں قلیل مدتی کورس شروع کرانے کو بھی منظوری دی۔میٹنگ میں تمام 37 ایجنڈہ نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں وائس چانسلر جموں یونیورسٹی پروفیسر آر ڈی شرما، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ، یونیورسٹیوں کے فائنانشل ایڈوائزر نوین کمار چودھری، کشمیر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر خورشید اے بٹ کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔