وائس چیئرمین سیکاپ گورنر سے ملاقی
سرینگر//وائس چیئرمین جے اینڈ کے سمال سکیل انڈسٹریز ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ علی محمد میر نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے گورنر کو کارپوریشن کی سرگرمیوں اور ریاست میں ایس ایس آئی سیکٹر کی دیرپا ترقی کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے وائس چیئرمین سے کہا کہ وہ نئے کارخانہ داروں کی حوصلہ افزائی کے لئے لازمی اقدامات کریں اور زیادہ سے زیادہ کارخانہ داروں کو مارکیٹنگ سکیم کے دائرے میں لائیں۔گورنر نے مقامی دستکاری صنعت کو تعاون دینے کی کارپوریشن کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے خبردار کیا کہ کارپوریشن کو بورڈ میٹنگوں کے فیصلوں پر سختی سے عمل کرنا چاہئے اور کمپنیز ایکٹ کے عین مطابق وقت پر اے جی ایم کا انعقاد کیا جانا چاہئے۔
اننت ناگ میں کانگریس کا احتجاج
اننت ناگ//عارف بلوچ//اننت ناگ میں پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے گیسو تراشی کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں پارٹی سے وابستہ کئی لیڈروں نے شرکت کی ۔جلوس ڈاک بنگلہ اننت ناگ سے بر آمد ہوا ہے ،جس کی قیادت سابق وزیر تاج محی الدین کر رہے تھے ۔جلوس میں شامل کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر سرکار مخالف و گیسو تراشی کے حوالے سے نعرے درج تھے ۔جلوس میں شامل افراد نے اننت ناگ پہلگام روڈ پر دھرنا دیکر گاڑیوں کی نقل وحرکت روک دی جس کے سبب مسافروں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑا ۔اس موقع پر کارکنوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کو میمورنڈم بھی پیش کیا ۔جلوس میں ممبر اسمبلی شانگس گلزار احمد وانی ،ممبر اسمبلی محمد امین بٹ ،ہلال احمد شاہ اور محمد اقبال آہنگر وغیرہ شامل تھے ۔
گاندربل میں لاپتہ خاتون کی نعش بجلی نہر سے برآمد
گاندر بل// گاندر بل میں لاپتہ خاتون کی نعش جمعرات کو بجلی کی نہر سے برآمد کی گئی ۔پولیس نے خاتون کی نعش کو اپنی تحویل میں لیکر قانونی وطبی لوازمات کے بعد اہل خانہ کے سپرد کردیا ۔مذکورہ خاتون بدھ کی صبح جنگل سے لکڑی جمع کرنے کے دوران اچانک اور پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگی تھیں ۔خاتون کے لاپتہ ہونے کی خبر پولیس کو دی گئی ،جسکے بعد پولیس نے اُسکی تلاش شروع کردی ۔35سالہ گلشن بانو زوجہ شبیر احمد آہنگر ساکن ہاکنار گنڈ تحصیل گاندر بل نامی لاپتہ خاتون کی نعش جمعرات کو فرا گنڈ کے مقام پر پائور کنال سے برآمد کیا ۔
دارالعلوم فیضان بیروہ میں کانفرنس
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام دارالعلوم فیضان مدینہ آروہ بیروہ میں 29 اکتوبر بروز اتوار ایک جلسہ منعقد ہورہا ہے،جس میں کئی علماء کی شرکت متوقع ہے ۔جلسے میں دستاربندی کی تقریب بھی منعقد ہورہی ہے ۔
۔10نومبرکو بارایسوسی ایشن بانڈی پورہ کا الیکشن
بانڈی پورہ/عازم جان /ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بانڈی پورہ کی الیکشن باڈی نے مطلع کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کیلئے الیکشن کی تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے ۔ فارم بھرنے کی تاریخ 6 نومبر جبکہ 7 نومبر کو واپس لینے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
شوپیان میں لوک عدالت کا انعقاد
شوپیان//ضلع کورٹ کمپلیکس شوپیان میںکل پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج اے کے شوان کی صدارت میںایک لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا۔مذکورہ لوک عدالت کے لئے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ شوپیان سرجیت سنگھ بالی اور منصف جے ایم آئی سی شوپیان عادل مشتاق احمد مزید دوبنچوں کو تشکیل دیا۔ لوک عدالت کے دوران مختلف نوعیت کے 28معاملات زیر بحث آئے جس دوران 27معاملات افہام وتفہیم سے حل کئے گئے جبکہ 1.50لاکھ روپے کے معاوضے کی ادائیگی ہوئی ۔اس کے علاوہ قصورواروں پر 5500روپے کا بھی جرمانہ عائد کیا گیا اوریہ رقم ضلع کی ٹریجری میں جمع کی گئی۔
محکمہ اطلاعات کا ساتھی کی سبکدوشی پر الوادعیہ
سرینگر//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے محکمہ کے ہیڈ اسسٹنٹ پرویش لال شرما کو ان کی سبکدوشی پر الوداعیہ دیا جس میں محکمہ کے تمام افسران اور ملازمین نے حصہ لیا۔ ناظم اطلاعات منیر الاسلام ،جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ( ہیڈ کوارٹرس) عبدالمجید زرگر، ڈپٹی ڈائریکٹر ( پی آر) شیخ ظہور ، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر محمد منور خواجہ دیگر سینئر افسران اور ڈی آئی پی آر کے عملے کے تمام افراد اس موقعہ پر موجود تھے۔
ناظم اطلاعات نے شرما کو ایک ایماندار اور مخلص ملازم قرار دیتے ہوئے اُنہیں دعا کی کہ وہ سبکدوشی کے بعد صحت مند اور خوشحال زندگی گزارے۔محکمہ کے افسران اور عملے نے پرویش شرما کی سبکدوشی کے موقعہ پر انہیں شفیقانہ الوداع کہا۔اس موقعہ پر ناظم اطلاعات و دیگر سینئر افسروں نے پرویش شرما کو حوصلہ افزائی کیلئے ایک شال پیش کیا