سرینگر//ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سوائین فلو کا ویکسین حاملہ خواتین کیلئے نقصان دہ نہیں ہے اور یہ ویکسین حاملہ عورتوں کیلئے محفوظ ہے ۔جمعہ کو ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ویکسین حاملہ خواتین یا ان کے بچوں کیلئے کوئی خطرہ نہیں ہے اور یہ ویکسین کسی بھی مرحلہ پر حاملہ خواتین کو دیا جاسکتا ہے ۔ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے کہا ’’ہماری ہیلپ لائین پر مختلف علاقوں سے لوگوں نے فون کرکے اس بارے میں خدشات دور کرنے کیلئے کہا ‘‘۔انہوں نے کہا کہ سوائین فلو کا اثر ایک حاملہ خاتون پر زیادہ ہوسکتا ہے ،اس لئے ایسی خواتین کو سوائین فلو کا ویکسین لینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی اور اپنے بچے کی حفاظت کیلئے سوائین فلو ویکسین جلد از جلد لیں ۔