جموں//تحصیل بھلوال کے گورنمنٹ ہائرسکینڈری سکول رابطہ میں سالانہ تقریب کااہتمام کیاگیا ۔اس دوران تقریب میں ڈائریکٹرسکول ایجوکیشن رویندرسنگھ مہمان خصوصی جبکہ ایس ڈی ایم نارتھ جموںمحمدالیاس خان ، چیف ایجوکیشن افسر جے کے سودن ،جوائنٹ ڈائریکٹر ایم ایچ پکھرو، تحصیلدار بھلوال موہت گپتا، زیڈای اوترسیم لال گورکامہمانان ذی وقارکے طورپر شامل ہوئے۔ڈائریکٹرسکول ایجوکیشن نے اساتذہ پرزوردیاکہ وہ لگن کے ساتھ بچوں کوتعلیم دیں ۔انہوں نے سکول میں عملہ کی قلت ودیگرمسائل کے ازالہ کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقعہ پرانتظامیہ کے سامنے سکول کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی جس پرانتظامیہ نے اطمینان کااظہارکیا۔اس موقعہ پر اشوک ڈوگرہ کی نگرانی میں ہائرسکینڈری سکول رابطہ کے طلباء کی حصولیابیوں اورسکول میں معیارتعلیمی کی بلندی کے پیش نظرانتظامیہ نے ستائش کی اوراُردوٹیچرعبدالغفارکی شاندارکارکردگی کیلئے انہیں ایس ڈی ایم کے ہاتھوں ٹرافی اورتوصیفی سندعطاکی گئی ۔ اس دوران مقررین نے بتایاکہ اشوک ڈوگرہ کی بطورپرنسپل تعیناتی کے بعدسکول کے بچوں نے بلاک،تحصیل اورضلع سطح کے علاوہ صوبائی سطح پرمختلف کھیل سرگرمیوں میں حصہ لیکر ایک درجن کے قریب گولڈمیڈل لائے ہیں اورگولڈمیڈل لانے والوں میں بیشترطالبات ہیں ۔اس موقعہ پربتایاگیاکہ عبدالغفارٹیچرکی لگن کے ساتھ بچوں کواُردوپڑھانے کی وجہ سے نویں اوردسویں جماعت میں اُردوکانتیجہ 97فیصدرہا ۔اس موقعہ پر فزیکل لیکچروکیش کمار شرماودیگراساتذہ کی بھی ستائش کی گئی۔