سرینگر// آئین ہند کے تحت جموں وکشمیر کو حاصل خصوصی اختیارات کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کااعادہ کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اُس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک نہ ریاست کی خصوصی پوزیشن (اٹانومی) بحال کی جائے گی۔نیشنل کانفرنس مجلس عاملہ کا اجلاس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں نوائے صبح کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے کارگذار صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال ، صوبائی صدور دیوندر سنگھ رانا اور ناصر اسلم وانی کے علاوہ ریاست کے تینوں خطوںکے ممبرانِ مجلس عاملہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈیلی گیٹ سیشن میں پیش کی جانے والی قردادوں کو مجلس عاملہ نے منظوری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست جموں وکشمیر کے مفادات اور آئین ہند کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی بحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری و ساری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو یہ طرہ امتیاز حاصل رہا ہے کہ یہ جماعت ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کی اپنی جماعت رہی ہے اور ہم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم جموں وکشمیر کی ہم آہنگی، انفرادیت، اجتماعیت اور کشمیریت کو برقرار رکھنے میں اپنا رول بخوبی نبھائیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ریاست اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے اور ایسے میں این سی پر جموں و کشمیر کو بحران سے باہر نکالنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ دریں اثناء صدرِ نیشنل کانفرنس اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے بزرگ لیڈر اور ریاستی اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر مولوی عبدالرشید آف بانہال کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔