کپوارہ //اے آئی پی سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے سرکار کی اس بات کیلئے مذمت کی ہے کہ کئی ماہ گذرنے کے باوجود ابھی تک وہ لولاب کے گمشدہ نوجوان منظور احمد خان کو باز یاب نہیں کر سکی ۔ کل کپوارہ میں ایک تقریب کے دوران انجینئر رشید نے کہا کہ سرکاری ایجنسیاں نہ صرف جان بوجھ کر معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہیں بلکہ انہیں اس بات کا اچھی طرح علم ہے کہ یہ سارا معاملہ سیکورٹی فورسز کا ہی کیا ہوا ہے۔ انجینئر رشید نے کہا ”اس سے زیادہ شرمناک بات اور کچھ نہیں ہو سکتی کہ منظور احمد خان ساکن لولاب کو دن دھاڑے کیمپ پر بلایا گیا اور اب کئی ماہ گذرنے کے باوجود اُن کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔ منظور احمد کی حراستی گمشدگی سرکار کی نا اہلیت، نا قابلیت ، لاپرواہی اور غیر سنجیدگی کی بھر پور عکاسی کرتی ہے“۔انجینئر رشید نے اس موقعہ پر اپنی تقریر میں سرکار کو خبردار کیا کہ وہ فوری طور عوام کو بتا دے کہ آخر منظور احمد خان کو زمین یا آسمان کی کونسی بھلا کھا گئی ۔ انہوں نے سیکورٹی ایجنسیوں سے کہا کہ ایک نہ ایک دن انہیں اپنے گھناﺅنے کاموں کیلئے جوابدہ ہونا ہی پڑے گا اور محض طاقت کے بل پر کشمیریوں کے حقوق کو ہر بار یرغمال نہیں بنایا جا سکتا ۔