سرینگر//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے وادی سے بیرون ریاست میوہ لے جانے والے ٹرکوں کی قلت کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے۔وزیر جو ان دنوں تھائی لینڈ کے دورے پر ہیں ،نے ڈویژنل کمشنر کشمیر ، سیکرٹری باغبانی اور آئی جی ٹریفک پولیس سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو فوری طور سے حل کر کے ٹرکوں کی بہتات کو یقینی بنائیں۔وزیر نے آئی جی ٹریفک کو ہدایت دی کہ وہ ٹرکوں کی آسان آواجاہی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔صوبائی کمشنر کشمیر نے وزیر کو جانکاری دی کہ ایف سی آئی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وادی آنے والی راشن سے لدے ٹرکوں کو مختلف میوہ منڈیوں کی طرف روانہ کریں ۔بعد میں وزیر کی ہدایت پر سیکرٹری باغبانی نے ایک میٹنگ طلب کی ۔ انہوںنے ملک کی مختلف منڈیوں تک میوہ پہنچانے سے جڑے معاملات کو حل کرنے کے لئے باہمی تال میل بنائے رکھنے کی ہدایت دی ۔اس سے قبل 23؍ ستمبر کو وزیر نے متعلقہ محکموں کی میٹنگ طلب کر کے میوئوں کی بروقت ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی۔