ممبئی// فلم دنگل سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ اگر انہیں پاکستانی فلم میں کام کرنے کا آفر ملا تو وہ ضرورکریں گی۔سترہ برس کی عمر میں صرف دو بڑی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاکر نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے والی زائرہ وسیم نے کہا کہ اتنی جلدی اس مقام پر پہنچ کر وہ اپنے آپ کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں۔انہوں نے کہا ''میں بہت خوش ہوں اور خود کو بہت خوش قسمت تصور کرتی ہوں کہ مجھے اتنے اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، اور سب سے اہم بات یہ کہ جن فلموں میں مجھے کام کرنے کا موقع ملا وہ نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ لوگوں تک پیغام بھی پہنچاتی ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا '' اگر مجھے پاکستانی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو میں ضرور کروں گی''۔زائرہ وسیم کی پہلی ہی فلم'دنگل'بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی جس میں انہوں نے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہندستان کی پہلی خاتون ریسلر گیتا فوگاٹ کا کردار ادا کیا تھا ۔ اس فلم میں انہیں بہترین سپورٹنگ اداکارہ کے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فلم دنگل میں ان کے والد کا کردار ادا کرنے والے اداکار عامر خان ان کی نئی فلم سیکرٹ سپر سٹار میں زائرہ برقعہ میں نظر آئی ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا حقیقی زندگی میں بھی ایسا کریں گی تو انہوں نے کہا کہ وہ ایسا نہیں کریں گی کیونکہ ہر ایک کویہ آزادی ہونی چاہیے کہ وہ جو بھی چاہیں پہن سکیں ''۔انہوں نے کہا یہ فلم شائقین کو ضرور پسند آئے گی ۔یو این آئی۔