سرینگر//مذاکراتی عمل کو ایک خوش آئندہ اقدام قرار دیتے ہوئے امیر کاروان اسلامی مولانا غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اس کا واحد اور مستقل حل بات چیت کے ذریعے سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستا ن، پاکستان اور کشمیری قیادت کو ایک ہی میز پر بیٹھنے کی ضرورت ہے تب ہی کوئی ٹھوس حل ممکن ہے۔مولانا حامی کنگن میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔انہوںنے کہا کہ خالی بیان بازی اور اعلانات سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے بلکہ سنجیدہ اقدامات سے مذاکرتی عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ امیر کاروان نے کہا کہ مذاکراتی عمل شروع کرنے سے پہلے نظربندوںکو رہا کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کاروان اسلامی جموں و کشمیر کومنشیات سے نجات دلانے کی خاطرعملی میدان میں جد وجہد کرتی آئی ہے تاکہ مسلم اکثریت والی ریاست میں نوجوانوں کے مستقبل کو خراب ہونے سے بچایا جائے۔انہوں نے ریاست کے تمام فلاحی اداروں، انجمنوں اور سیول سوسائٹیوں سے اپیل کی کہ اس معاملے میں سنجیدہ ہوجا ئیں ۔