جموں//کنٹریکچول بنیادوں پر لگائے گئے لیکچراروں کی ہڑتال اتوار کو مسلسل 258ویں روز بھی جاری رہی۔ مختلف ہائر سکینڈری اسکولوں میں تعینات یہ لیکچرار اپنی خدمات کو مستقل کئے جانے کی مانگ کر رہے ہیں۔ ایسو سی ایشن کے صدر ارون بخشی نے اس موقعہ پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مسائل کی جانب توجہ نہیں دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتہائی قلیل تنخواہ میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں نے اسی امید پر دور دراز علاقہ جات میں نوکری کی تھی کہ ایک نہ ایک دن انہیں ریگولر کر دیا جائے گا لیکن برس ہا برس بیت جانے کے باوجود ان کا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رہبر تعلیم ، رہبر جنگلات اور رہبر زراعت وغیرہ اسکیموں کے علاوہ ڈیلی ویجروں کو بھی مستقل کیا جارہا ہے لیکن حکومت ان کے جائز مطالبات کو نظر اندا ز کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوںکی طرف سے انہیں کھوکھلی یقین دہانیاں مل رہی ہیں۔ ایک طرف جہاں سرکار بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو اور لاڈلی بیٹی جیسی اسکیموں کا ڈھنڈورہ پیٹ رہی ہے وہیں حکومت ان کے مطالبات کو نظر انداز کر کے اپنے ہی دعوئوں کو جھٹلانے میں مصروف ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے ان کے اس مطالبہ کو حل کریں ۔