گندوہ// بھلیسہ سیول سوسائٹی ممبران کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کرکے گندوہ سب ڈویژن کو ایڈیشنل ضلع بھدرواہ کے ساتھ جوڑنے کے فیصلے پر حکومت وعوامی نمائندوں کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب ان لوگوں کو اقتدار کی غرض ہوتی ہے تو اسوقت سبز باغ دکھا کر گمراہ کرتے ہیں لیکن موجودہ حکومت نے ڈیڑھ لاکھ آبادی کے ساتھ کھلواڑ کیا مگر یہ حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔معروف سیاسی وسماجی کارکن ریاض احمد زرگر کی قیادت میں سیول سوسائٹی ممبران کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیاسی وسماجی کارکن مشتاق احمد ملک، چیرمین راحت ویلفئر سوسائٹی غلام نبی وانی،وائس چیرمین راحت ویلفئر سوسائٹی محمد اسحاق عارف، چیرمین عمرایجوکیشنل و ویلفئر ٹرسٹ ملک اشتیاق احمد، صدر بھلیسہ ڈیویلپمنٹ فورم لیاقت علی شیخ ، چناب ویلی پاور پروجیکیٹس ورکر یونین سیکریٹری جاوید زرگر نے شرکت کی۔اس موقع پر بولتے ہوئے مقررین نے حکومت کے فیصلے کے خلاف یکجٹ ہو کر اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت و انتظامیہ نے عوام کو انصاف فراہم نہیں کیا تو وہ بڑے پیمانہ پر احتجاج جاری رکھیں گے۔اس سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے عدالت عالیہ سے بھی رجوع کیا ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی چیف سیکریٹری ، کمشنر سیکریٹری محکمہ مال و کمشنر سیکریٹری جی اے ڈی سے دس دن کے اندر اندر جواب دینے کو کہا ہے۔اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ ایس ڈی ایم گندوہ و ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے ایڈیشنل ضلع بھدرواہ کے قیام سے پہلے اپنی رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ ایڈیشنل ضلع کا دائرہ صرف تحصیل بھدرواہ تک ہی محدود رکھا جائے چونکہ گندوہ کی عوام کو بھدرواہ پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا دکھ نہیں ہے کہ بھدرواہ کو ایڈیشنل ضلع کا درجہ کیوں دیا گیا بلکہ افسوس اس بات کا ہے کہ حکمرانوں نے اپنے مفادات کی خاطر بھلیسہ کا سودا کیوں کیا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقائی ، سیاسی و مذہبی بنیادوں سے با لا تر ہو کر گندوہ کو ڈوڈ ہ کے ساتھ جوڑنے و بھلیسہ کو پہاڑی ضلع کا درجہ دینے کی مہم کو کامیاب بنائیں اور جمہوری طریقے سے اپنی آواز بلند کریں۔