۔35اے پر بحث و مباحثہ مسلم اکثریتی شناخت پرحملہ:مسلم لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے ریاست کی موجودہ تشویشناک صورتحال میں عوام سے مکمل اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت تیزی کے ساتھ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے اور مسلم اکثریتی شناخت کی بیخ کنی کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے 35اے پر بحث و مباحثہ کئی شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے کہ شاید 35Aکو ختم کرنے کے لئے ماحول تیار کیا جارہا ہے اورجس کے لئے وادی کے حالات کو سنسنی اور دھماکہ خیز بنایا جارہا ہے ۔ سجاد ایوبی نے کہا کہ ایک طرف حوالہ کے نام پر تحریک کشمیر کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی گئی اور دوسری طرف ریاست کی خصوصی پوزیشن پر گھات لگانے کے لئے سر پیر مارے جارہے ہیں۔
سوپور میں سڑک حادثہ
منی بس الٹ گئی ،18مسافر زخمی ،4سرینگر منتقل
سوپور //غلام محمد //سوپور میں ایک منی بس سڑک سے الٹ گئی جس کے سبب گاڑی میں سوار 18مسافر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کیلئے سرینگر اور سوپور کے ہسپتالوں میںمنتقل کیا گیا ہے ۔سوموار کی شام ایک منی بس زیر نمبر JK05 -8540نورباغ تارزو سوپور کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے پلٹ گئی جس کے سبب بس میں سوار 18مسافر زخمی ہو گئے ۔حادثہ کے بعد تمام زخمیوں کو علاج ومعالجہ کیلئے سب ضلع ہسپتال سوپور منتقل کیا گیا جہاں سے چار شدید زخمی مسافروں کو سرینگر کے صدر ہسپتال منتقل کیا گیا ۔عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ گاڑی گنڈ جہانگیرسے سوپور کی طرف جا رہی تھی تو اس دوران نور باغ کے نزدیک یہ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور سڑک کے کنارے الٹ گئی۔
محکمہ اطلاعات نے 15اگست تقاریب میں شریک طلاب کی عزت افزائی کی
سرینگر//15اگست2017 تقریبات میں جن طلاب نے شرکت کی اُن کو اعزازات سے نوازنے کے لئے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ناظم اطلاعات منیر الاسلام کی صدارت میں یہ تقریب محکمہ کے آڈیٹوریم میںمنعقد ہوئی۔ جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات ( ہیڈ کوارٹر) عبدالمجید زرگراور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن شاہینہ خان بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔اس موقعہ پر طلاب اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ناظم اطلاعات نے کہا کہ اس طرح کی عزت افزائی کی تقریبات مستقبل میں منعقد کی جائیں گی تاکہ طلاب اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوسکیں۔تقریب پر موجود اساتذہ اور طلاب نے حوصلہ افزائی کے لئے محکمہ اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔
چھتلم پورہ اپنی نوعیت کا پہلا پولٹری ولیج ہوگا:میر ظہور
سرینگر//جنگلات و ماحولیات اور پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر مملکت میر ظہو راحمد چھتلم پورہ پانپور میں مستحق کنبوں میں ڈیڑھ ماہ عمر کے 12500 پولٹری پرندے تقسیم کئے ۔ا س سلسلے میں وزیر موصوف نے رقومات اپنے سی ڈی ایف میں سے واگذار کئے ہیں اور چھتلم پورہ کو پولٹری ولیج کی حیثیت سے اختیار کیا گیا ہے اور ریاست میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا پولٹری ولیج ہوگا۔ وزیر موصوف نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے قدم سے لوگوں کی اقتصادی و سماجی حالت میںبہتری واقع ہوگی ۔انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس سکیم سے بھرپور استفادہ کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ جی ایم ڈار ، ناظم پشو پالن کشمیر محمد یوسف چاپرو اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
اسلام اتحاد واتفاق قائم کرنے کی دعوت دیتا ہے: مولانا شیخ غلام محمد
سرینگر// جمعیت انوارالاسلام کے اہتمام سے جامع مسجد آرہ مولہ پلوامہ میںعظیم الشان تقریب کا انعقاد ہو ا۔تنظیم کے سربراہ مولانا شیخ غلام محمد نے ـ اسلام کے آفاقی پیغام کے عنوان پر اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام اتحاد واتفاق اور آپسی شفقت و رفاقت قائم کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کی تعظیم و تکریم کرنا اسلام کا پیغام ہے ۔تقریب کا اہتمام جمعیت کی عوامی مہم کے رابطہ کار و جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر بشیر احمد ننگرو ،امام و خطیب محمد شفیع میر ، عبدالحمید میر ودیگر اراکین سمیت وہاں کی معززشخصیات نے کیا تھا ۔ڈاکٹر بشیر احمدننگرو نے اپنے خطاب میں اسلام کی تعلیمات کو عملی زندگی میں عملانے پرزور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات ہی کامیابی وکامرانی سے سرفراز کراسکتی ہیں ۔
صفاپورہ میں خاتون کی نعش برآمد
گاندربل//ارشاد احمد//صفاپورہ میں پیر کو ایک عمر رسیدہ خاتون کی لاش کمار محلہ میں پائی گئی۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔بعد اذاں اُس کی شناخت خدیجہ زوجہ غلام محمد ملک ساکن پہلی پورہ صفاپورہ کے بطور ہوئی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا اوروہ اتوارکی شام گھر سے باہر نکل کر گم ہوگئی تھی۔پولیس نے ضروری لوازامات کے بعد لاش لواحقین کے سپرد کردی۔
ماگام میں پیغام کربلا پر محفل مذاکرہ
سرینگر// اتحاد المسلمین کے اہتمام سے ٹائون ہال ماگام میں پیغام کربلا کے عنوان سے ایک محفل مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا جس میںمختلف علماء اور دانشوروں نے حضرت امام حسینؑ اور کربلا سے حاصل شدہ پیغامات کو سامعین کے گوش گزار کیا۔ تقریب کی صدارت مولانا محمد عباس انصاری نے کی۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں کربلا سے اتحاد و اتفاق اور ایک قیادت کے تحت چلنے کا پیغام مل رہاہے۔
پیروان ولایت کا اتحاد بین المسلمین پر زور
بڈگام // پیروان ولایت کا ایک اجلاس تنظیم کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی کی قیادت میں تنظیم کے ضلعی دفتر واقع ماگام بڈگام میں منعقد ہوا جس میں تنظیم سے وابستہ اراکین نے شرکت کی ۔اجلاس میں مختلف معاملات پر غورخوض ہوا اور شرکاء نے عصر حاضر میں اسلامی مملکتوں کی بحرانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صدر مولانا شبیر صوفی نے اتحاد بین المسلمین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وادی میں علمائے کرام اور مفکرین کی انتھک کاوشوں سے اتحاد و اتفاق برقرار ہے اوریہ روایت آگے بھی قائم رہے گی ۔
خاندانی راج بدنظمی کی وجہ:وکیل
سرینگر// سوپور میں جموں وکشمیر بچائو تحریک کے ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کے صدر اور سابق وزیر عبدلغنی وکیل نے ریاست خاص کر وادی میںافراتفری اور بدنظمی کی ذمہ داری خاندانی راج پر عائد کی ۔انہوں نے کہا کہ خاندانی راج نے ہی مسئلہ کشمیر پیدا کیا ہے اور پھرانہوں نے اپنے دور اقتداد میں اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے پر خلوص کوشش نہیں کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس سرکار نے اپنے 60 سالہ دور اقتدار میں کشمیر مسئلہ حل کرنے کی طرف کبھی بھی کوئی سنجیدہ کوشش نہیںکی بلکہ ایک دفعہ مذاکرات کار نامزد کئے اور ورکنگ گروپ بنائے لیکن حیرانگی کی بات یہ ہے کہ مذاکرات کاروں کی رپورٹ کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ۔
مریض کی پہچان کیلئے اطلاع
سرینگر// صورہ میڈیکل انسٹچوٹ کی ایک اطلاع کے مطابق ہسپتال میں ایک شخص زیر علاج ہے جو بول نہیں سکتا ہے ۔اُس کی تحویل سے ایک موبائل زیر نمبر9070944802 برآمد ہوا جو نسیمہ بانو ساکن سنور کلی پورہ بڈ گام کے نام پردرج ہے ۔اگر کسی شخص کو مذکورہ مریض کے بارے میں کوئی علمیت ہوتوکنٹرول روم سکمزپر 01942403679یاپولیس اسٹیشن صورہ کے ان نمبرات 9596770586,9596770867 پر رابطہ کریں۔ پولیس کنٹرول روم کا 100نمبربھی ڈائل کیا جاسکتا ہے۔