سرینگر//سیاحت کی وزیر مملکت پریاسیٹھی کے ساتھ کل ٹریول ایجنٹس سوسائٹی آف کشمیر کا ایک وفد ملاقی ہوا۔ وزیر موصوفہ نے وفد کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دیا جارہا ہے اور کشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کو سیاحتی نقشے پرلایا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو یہاں کی طرف راغب کیا جاسکیں۔موصوفہ نے کہا کہ ٹی اے ایس کے کو ریاست سے باہر کے سیاحت سے جڑے افراد کے ساتھ بہتر روابط بنانے چاہئے تاکہ سیاحتی سیکٹر کو بڑھاوا مل سکے۔پریاسیٹھی نے کہا کہ گھریلو سیاحت کو آگے لے جانے کے لئے سرینگر شہر کے مربوط کلچر کی طرف بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ سرینگر درشن کو ٹریول پیکیج کا ایک اہم حصہ بنایا جانا چاہئے۔اس موقعہ پر وفد نے سیاحتی سیکٹر سے متعلق کئی مطالبات وزیرموصوفہ کی نوٹس میں لائے۔انہوں نے وزیر سے کہاکہ کچھ ممالک کی طرف سے جاری کی گئی ٹریول ایڈوائزری کو ہٹانے کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعدادمیں غیر ملکی سیاح بھی یہاں کی سیر پر آسکیں۔وفد نے کئی دیگر معاملات بھی پریاسیٹھی کی نوٹس میںلائے اور انہیں حل کرنے کے لئے ان کی مداخلت طلب کی۔پریا سیٹھی نے وفد کے مطالبات غور سے سنے اور یقین دلایاکہ اُبھارے گئے مطالبات کو وزیر اعلیٰ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔