سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی سے وابستہ ریاست کے تینوں خطوں کے ڈیلی گیٹ حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی مصروفیات کے باوجود پارٹی کے ڈیلی گیٹ سیشن میں شرکت کرکے اسے تاریخی زینت بخشی۔ انہوں نے پارٹی کے لیڈران، عہدیداران، سابق اور موجودہ ممبرانِ قانون سازیہ، خواتین ونگ ، یوتھ اور اقلیتی سیل کے عہدیداران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پارٹی کے ڈیلی گیٹ سیشن کو کامیاب بنانے میں اپنا رول نبھایا۔ ساگر نے کہا کہ پارٹی کے اس تاریخی ڈیلی گیٹ سیشن میں مندوبین کی بھر پور شرکت کے باوجود ربط و ضبط کا جو مظاہرہ دیکھنے کو ملا ، وہ قابل سراہنا ہے۔ اس کیلئے میں پارٹی کے مندوبین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے پولیس ، میونسپلٹی اور دیگر محکمہ جات کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کنونشن کیلئے اپنے خدمات میسر رکھے۔