کٹھوعہ میں تپ دق سے متعلق بیداری پروگرام
کٹھوعہ//ضلع ٹیوبرکولوسز کنٹرول سوسائٹی کٹھوعہ کی طرفوں سے تب دق بیماری سے متعلق بیداری پروگرام منعقدکیاگیاجس کاعنوان ’ٹی بی ہارے گادیش جیتے گا‘‘رکھاگیاتھا۔ اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ رچھپال سنگھ مہمان خصوصی تھے۔ٹی وی کنٹرول سوسائٹی کی طرف سے تپ دق بیماری کی وجوہات اور اس سے بچائوکی تدابیرکے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔اے ڈی سی رچھپال سنگھ نے مریضوں کیلئے روزانہ ٹی وی علاج ریجمنٹ کٹ کوشروع کیا۔اس موقعہ پربولتے ہوئے رچھپال سنگھ نے کہاکہ ٹی وی قابل علاج بیماری ہے اور مریضوں کو اس کامفت علاج مہیاکروایاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس خطرناک بیماری سے بچنے کی خاطرمریضوں کو مکمل علاج کرواناچاہیئے۔
ڈاکٹرمسعودچوہدری ایم ڈی بانڈے میموریل ایوارڈکیلئے نامزد
جموں//ایم ڈی بانڈے میموریل سوسائٹی پونچھ نے خطہ پیرپنچال کے معروف ماہرتعلیم ،ریٹائرڈپولیس آفیسراورسماجی شخصیت ڈاکٹرمسعوداحمدچوہدری کو گیارہویں محمددین بانڈے میموریل ایوارڈدینے کیلئے نامزدکیا۔ ایم ڈ ی بانڈے میموریل کے جنرل سیکریٹری کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ایوارڈیکم نومبر2017کومسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ (ایم ای ٹی) تھنہ منڈی کے یوم تاسیس کے موقعہ پرسابق وائس چانسلر باباغلام شاہ باداشاہ یونیورسٹی راجوری وسابق اے ڈی جی جموں وکشمیر پولیس ڈاکٹرمسعوداحمدچوہدری کودیاجائے گا۔ قابل ذکرہے کہ ایم ڈی بانڈے میموریل ایوارڈریاست کے قدآورسیاستدان، سابق وزیراورماہرقانون مرحوم محمددین بانڈے کے نام سے منسوب ہے جوگذشتہ کئی سالوں سے سوسائٹی خطہ پیرپنچال کی تعمیروترقی کے لئے نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی شخصیات کوعطاکرتی آرہی ہے ۔واضح رہے کہ اس سے پہلے پرتپاپ سنگھ بیتابؔ، نذیرقریشی ؔ، محمودالحسن محمودؔ،فاروق مضطرؔوغیرہ نامورشخصیات کودیاجاچکاہے۔
وارڈنمبر8کٹھوعہ میں صفائی کے فقدان کیخلاف احتجاج
حافظ قریشی
کٹھوعہ //شہرکے وارڈنمبر8کے لوگوں نے علاقہ میں گندگی کے لگے ڈھیروں کی وجہ سے ہورہی پریشانیوں سے عاجزآکر میونسپلٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران مظاہرین نے الزام لگایاکہ میونسپلٹی کاصفائی کرنے والا عملہ دفتراورسڑکوں سے غائب ہے جس کی وجہ سے شہرکے مختلف علاقوں میں سڑکوں پرہی گندگی وغلاظت کے ڈھیرلگ گئے ہیں اورمختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کانظام درہم برہم ہونے سے گلی محلوں اورراستو ں پرگنداپانی جمع ہوگیاہے جس کے باعث ایک جانب ٹریفک اور راہ گیروں کاچلنادشوارہوگیاہے تودوسری طرف شدید بدبوسے عام لوگ اوردکانداربھی شدیدپریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گندگی کی وجہ سے بیماریوں کے پھوٹنے کاخدشہ بناہواہے لیکن میونسپلٹی حکام کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وارڈنمبر8کے علاوہ دیگروارڈوں میں بھی صفائی کافقدان ہے۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاکہ متعلقہ عملہ کے خلاف کارروائی عمل میں لاکرصفائی نظام کوبہتربنایاجائے ۔
گوجری نصاب کی تیاری کیلئے ورکشاپ کااہتمام
جموں//جموں وکشمیربورڈ آف سکول ایجوکیشن ،جموں کی جانب سے گوجری زبان میں نصابی موادتیارکرنے کی غرض سے ریاستی سطح کی چھ روزہ ورکشاپ کاانعقاد کیاگیا۔اس دوران محکمہ تعلیم بورڈکے تدریسی ڈائریکٹر فاروق احمدپیرنے پروگرام کی صدارت کی جبکہ شعبہ گوجری ریاستی کلچرل اکادمی ڈاکٹرجاویدراہی بھی اس موقعہ پرموجودتھے۔ اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹرفاروق احمدنے کہا کہ اس ورکشاپ کامقصد گوجری زبان کوفروغ دینااورنصاب تیارکرنے کے لئے حکمت عملی طے کرناہے۔
ادھم پورمیں ہنرمندوں کی تلاش کیلئے پروگرام منعقد
جموں//دیہی علاقوں سے باصلاحیت کھلاڑیوںکی تلاش کے مقصدسے ادھمپور میں ’نیشنل یووا کوآپریٹیوسوسائٹی لمٹیڈ ‘کی جانب سے گیل انڈیاکے تعاون سے اک ضلع سطح کاآزمائشی ٹیسٹ منعقدکیا۔جانکاری کے مطابق اس موقعہ پر بولتے ہوئے آزمائشی دوڑکے منتظمین نے کہاکہ ہندوستان ایک بہت وسیع ملک ہے اوراس میں ذہین اور قابل کھلاڑیاں کو موقعہ نہ ملنے کی وجہ سے وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں شرکت کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ ایسے کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم مہیاکرانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے ہنرکالوہامنواسکیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنرنے ایکتادوس کے انتظامات کاجائزہ لیا
جموں//راشٹریہ ایکتادوس کے سلسلے میں ضلع انتظامیہ جموں کی جانب سے نوجوانوں سے کہاگیاکہ وہ اس اہم ایونٹ میںزیادہ سے زیادہ تعدادمیں شرکت کریں۔یہ بات ضلع ترقیاتی کمشنرجموں کمارراجیورنجن نے اس سلسلے میں کئے گئے انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ستواری سے ایشیاچوک، ’رن فاریونٹی ‘کے اس اہم موقع پر قریباً 1500 بچے حصہ لے رہے ہیں۔دریں اثنا آج رنبیرہائرسکینڈری سکول مبارک منڈی جی ایس ایس ایس ،کنال روڈ ایچ ایس ایس اوردیگرسکولوں میں سیمیناروں اوربحث ومباحثوں کااہتمام کیاگیا ۔ضلع انتظامیہ نے اس ایونٹ کوکامیاب بنانے کے لئے موثرانتظامات کئے گئے ہیں۔
ذوالفقار گواکے وزیرقبائلی امورسے ملاقی
گوا//وزیربرائے خوراک،سپلائز امورصارفین وقبائلی امور چوہدری ذوالفقارعلی نے کہاکہ جموں وکشمیر کوانتظامیہ کے طرزپر قبائلی آبادی کی فلاح وبہبود کے لئے موثرحکمت عملی اختیارکرے گی ۔چوہدری ذوالفقارعلی جوکہ ان دنوں گواکے سٹڈی دورے پرہیں ۔ا س دوران انہوں نے گوا کے وزیر برائے قبائلی امورسے ملاقات کی اورقبائلی آبادی کی ترقی وبہبودسے متعلق متعدد امور زیربحث لائے۔ذوالفقارنے گواکے محکمہ برائے امورقبائل کی جانب سے اس طبقہ کی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کوسراہا۔
’ڈیزاسٹرمنیجمنٹ آف الیکٹریکل انسٹالیشن‘
کویندرگپتاکے ہاتھوں کتاب کااجرا
جموں//جموں وکشمیرقانون سازاسمبلی کے سپیکرکویندرگپتانے انسٹی چیوٹ آف انجینئر ز انڈیاچھنی ہمت جموں میں ایک کتاب بعنوان ڈیزاسٹرمنیجمنٹ آف الیکٹریکل انسٹالیشن ،کااجراء کیا۔اس کتاب کے مصنف پاورگرڈکارپوریشن انڈیالمٹیڈ کے سابق جنرل منیجر ،انجینئر کلدیپ راج سوری اور ڈاکٹرسنجیوآنند ہیں۔ اس موقعہ پربولتے ہوئے سپیکرنے معلومات سے بھرپور تصنیف شائع کرنے کے لئے مصنفین کومبارکباددی ۔ ایم ایل سی وکرم رندھاوا نے بھی مصنفین کی کوششوں کوسراہا۔ سابق آئی جی پی سدھیرسنگھ ڈوگرہ اوردیگرافرادبھی اس موقعہ پرموجودتھے۔
مانواتھان کے زیراہتمام سوہل اکھنورمیں طبی کیمپ
جموں//مانواتھان جوکہ ایک غیرسرکاری تنظیم ہے نے ڈاکٹرطارق نائیرکے اشتراک سے اکھنورکے سوہل گائوں میں ایک طبی کیمپ کاانعقاد کیاگیا جس میں ملحقہ دیہات کے لوگوں نے طبی جانچ کروائی ۔اس دوران پنچایت گھرسوہل میں پروگرام منعقدکیاگیا جس میں مقامی معززین ،نائب تحصیلدار ، خواتین اورنوجوانوں نے حصہ لیا۔ اس موقعہ پرڈاکٹرطارق نائر کامقامی لوگوں نے شکریہ اداکیا جنھوں نے مانواتھان تنظیم کے ساتھ مل کر گائوں کے لوگوں کیلئے طبی کیمپ کاانعقاد کیا۔ سیمامہاجن نے ڈاکٹرطارق نائیرکی خدمات کے بارے میں لوگوں کوتفصیلی جانکاری ۔پون گپتاسینئرممبر مانواتھان ا س موقعہ پرمہمان خصوصی تھے۔
منشیات سمگلر گرفتار،2150 نشہ آورکیسپول ضبط
جموں//وجے پورپولیس نے سانبہ سے ایک منشیات سمگلرکو2150نشہ آورکیسپول کے ساتھ گرفتارکرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر رمن چوہدری عرف بنٹی ساکن وجے پورکوایک ناکے پرروکااورتلاشی لی جس کے دوران اس کے قبضے سے نشہ آورادویات (پارون سپاس پلس)2010 کیپسول اور 140 گولیاں( نتراویٹ۔10)برآمد کیں جنھیں ضبط کرکے اسے گرفتارکرلیا۔وجے پورپولیس نے یہ کارروائی انسپکٹرسورج پٹھانیہ ایس ایچ او وجے پور کی نگرانی میں ایس ڈی پی اوجے پور ابھی شک شرما اورایس ایس پی سانبہ انل مگوترہ کی نگرانی میں عمل میں لائی۔پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آرنمبر2017 ،8/21 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ بھی درج کرلیاہے۔