سرینگر //گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے اعلیٰ افسران کی یقین دہانیوں کے باوجود بھی سی ڈی اسپتال سرینگر میں قائم کی گئی سوائن فلو لیبارٹری نے ابتک کام کرنا شروع نہیں کیا ہے جبکہ سردیوں سے قبل ہی سوائن فلو بیماری نے وادی میں 3افراد کو نشانہ بنایا ہے۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے اعلیٰ افسران اگر چہ سوائن فلو کٹوں کی تاخیر کیلئے میڈیکل سپلائز کارپوریشن کو ذمہ دار ٹھہرارہے ہیں تاہم میڈیکل سپلائز کارپوریشن کے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ تمام اسپتالوں کو اختیارات دئے گئے ہیں کہ وہ سوائن فلو تحقیق کیلئے استعمال ہونے والے کٹ از خود خریدیں۔وادی میں جاری خشک سالی کی وجہ سے جہاں سوائن فلو کی بیماریوں نے پہلی ہے تین افراد کی جان لی ہے، وہیںسوائن فلو کی تحقیق کیلئے سرینگر کے سی ڈی اسپتال میں بنائی گئی مخصوص H1N1لیبارٹری تعمیر کے باوجود بھی سوائن فلو کٹ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے لیبارٹری میں سوائن فلو کے تحقیقی ٹیسٹ نہیں ہوپارہے ہیںجس کیلئے میڈیکل کالج سرینگر کے اعلیٰ افسران میڈیکل سپلائز کارپوریشن کو ذمہ دار ٹھہرارہے ہیں۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر سلیم خان نے کہا کہ سوائن فلو کیلئے سی ڈی اسپتال میں سوائن فلو کٹ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے تحقیق کا سلسلہ ابھی شروع نہیں ہوا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ہم نے کٹ کا آرڈر میڈیکل سپلائی کارپوریشن کو دیا ہوا ہے مگر کارپوریشن سوائن فلو کٹ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے اور اسلئے ہم نے بازار سے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر سلیم نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ اہم آئندہ چند دنوں میں کٹ خریدنے میں کامیاب ہوجائیں گے تاہم میڈیکل سپلائز کارپوریشن کے جنرل منیجر ڈاکٹر محمد اقبال صوفی نے کہا ’’ سوائن فلو کی تحقیق کیلئے کٹ بھی اسی کمپنی کا استعمال کرنا ہوتا ہے ، جس کمپنی کی مشین دستیاب ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں کٹ صرف ایک ہی کمپنی سے خریدنے ہوتے ہیں اور اسلئے کارپوریشن نے تمام اسپتالوں سے کہا ہے کہ وہ سوائن فلو کی تحقیق کیلئے استعمال ہونے والے کٹ ازخود خریدیں۔ ‘‘ واضح رہے کہ پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج نے چند دنوں قبل سوائن فلو کی تحقیق کیلئے بنائی گئی مخصوص لیبارٹری کو ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل طور پر شروع کرنے کی بات کی تھی۔