کولگام//ناظم زراعت کشمیر سید الطاف اعجاز اندرانی نے محکمہ کے افسران کی ایک میٹنگ میںضلع کولگام میں مرکزی اور ریاستی معاونت والی زرعی سکیموں کے تحت حصولیابیوں اورپیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں چیف ایگریکلچر آفیسر کولگام اورمتعلقہ سب ڈویژن ایگریکلچر آفیسران کے علاوہ ایگریکلچر ایکسٹنشن آفیسران اور محکمہ کے ٹیکنوکریٹس بھی موجود تھے۔میٹنگ کے آغاز میں چیف ایگریکلچر آفیسر کولگام نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ضلع میں محکمہ کی سرگرمیوں اورسکیموں کی عمل آوری کے بارے میں خلاصہ پیش کیا۔میٹنگ میں فنڈس کے استعمال،اہداف کے حصول اورای گورننس کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ناظم زراعت کو محکمہ کی طرف سے کام کاج کے عمل کو الیکٹرانک اور ڈیجٹل کرنے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی۔میٹنگ میں ناظم زراعت نے وادی میںبہتر زرعی پیداوار کے لئے مزید امکانات تلاش کرنے اور سبزیوں کی پیداوار میں بین الاقوامی بازاروں تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے آفیسران پر اقدامات کرنے کے لئے زوردیا۔انہوںنے کہا کہ کسانوں اورزرعی آفیسران کے درمیان بہتر تال میل سے ہی متوقع نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔